ہم سے مسدد نے بیان کیا، کہا ہم سے یحییٰ نے بیان کیا، ان سے عبیداللہ نے، کہا مجھ سے نافع نے بیان کیا اور ان سے عبداللہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پالتو گدھوں کے گوشت کی ممانعت کی تھی۔ اس روایت کی متابعت ابن مبارک نے کی تھی، ان سے نافع نے اور ابواسامہ نے بیان کیا، ان سے عبیداللہ نے اور ان سے سالم نے اسی طرح سے بیان کیا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الذَّبَائِحِ وَالصَّيْدِ/حدیث: 5522]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5522
حدیث حاشیہ: حضرت مسدد بن مسرہد بصرہ کے باشندے ہیں۔ حضرت امام بخاری اور ابوداؤد وغیرہ کے استاذ ہیں۔ سنہ 228ھ میں انتقال فرمایا، رحمه اللہ تعالیٰ۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5522
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5522
حدیث حاشیہ: ان روایات کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فتح خیبر کے موقع پر گھریلو گدھوں کو حرام قرار دیا ہے بلکہ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے باقاعدہ اس کا اعلان کیا جیسا کہ حضرت ابو ثعلبہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ خیبر کی جنگ لڑی۔ لوگوں کو سخت بھوک نے ستایا تو انہوں نے گھریلو گدھوں کو ذبح کر کے پکانا شروع کر دیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبدالرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کو حکم دیا کہ وہ یہ اعلان کریں: خبردار! گھریلو گدھوں کا گوشت حلال نہیں ہے۔ (سنن النسائي، الصید و الذبائح، حدیث: 4346)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5522