اور ابن المسیب نے کہا جب جنگ کے وقت صف سے اگر کوئی شخص گم ہوا تو اس کی بیوی کو ایک سال اس کا انتظار کرنا چاہیئے (اور پھر اس کے بعد دوسرا نکاح کرنا چاہے)۔ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے ایک لونڈی کسی سے خریدی (اصل مالک قیمت لیے بغیر کہیں چلا گیا اور گم ہو گیا) تو آپ نے اس کے پہلے مالک کو ایک سال تک تلاش کیا، پھر جب وہ نہیں ملا تو (غریبوں کو اس لونڈی کی قیمت میں سے) ایک ایک دو دو درہم دینے لگے اور آپ نے دعا کی کہ اے اللہ! یہ فلاں کی طرف سے ہے (جو اس کا پہلا مالک تھا اور جو قیمت لیے بغیر کہیں گم ہو گیا تھا) پھر اگر وہ (آنے کے بعد) اس صدقہ سے انکار کرے گا (اور قیمت کا مطالبہ کرے گا تو اس کا ثواب) مجھے ملے گا اور لونڈی کی قیمت کی ادائیگی مجھ پر واجب ہو گی۔ ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اسی طرح تم لقطہٰ ایسی چیز کو کہتے ہیں جو راستے میں پڑی ہوئی کسی کو مل جائے، کے ساتھ کیا کرو۔ زہری نے ایسے قیدی کے بارے میں جس کی جائے قیام معلوم ہو، کہا کہ اس کی بیوی دوسرا نکاح نہ کرے اور نہ اس کا مال تقسیم کیا جائے، پھر اس کی خبر ملنی بند ہو جائے تو اس کا معاملہ بھی مفقود الخبر کی طرح ہو جاتا ہے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الطَّلَاقِ/حدیث: Q5291]
مجھ سے اسماعیل نے بیان کہا کہ ان سے امام مالک نے بیان کیا، ان سے نافع نے اور ان سے ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہ جب چار مہینے گذر جائیں تو اسے قاضی کے سامنے پیش کیا جائے گا، یہاں تک کہ وہ طلاق دیدے، اور طلاق اس وقت تک نہیں ہوتی جب تک طلاق دی نہ جائے، اور عثمان، علی، ابودرداء اور عائشہ اور بارہ دوسرے صحابہ رضوان اللہ علیہم سے بھی ایسا ہی منقول ہے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الطَّلَاقِ/حدیث: 5291]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5291
حدیث حاشیہ: (1) اہل علم کا اس امر میں اختلاف ہے کہ ایلاء کرنے کے بعد اگر چار ماہ گزر جائیں تو عورت خود بخود مطلقہ ہو جائے گی یا اسے طلاق دے کر فارغ کرنا ہو گا؟ اہل کوفہ کا موقف ہے کہ ایلاء کی مدت چار ماہ گزرنے کے بعد عورت کو خود بخود طلاق ہو جاتی ہے، اسے طلاق دینے کی ضرورت نہیں جبکہ دیگر اہل علم کہتے ہیں کہ مدت ایلاء چار ماہ گزرنے کے بعد شوہر کو اختیار ہے رجوع کرے یا طلاق دے۔ اس کے طلاق دیے بغیر عورت مطلقہ نہیں ہوگی کیونکہ قرآن میں ہے: ”اگر وہ طلاق ہی کا عزم کر لیں تو اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا سب کچھ جاننے والا ہے۔ “(البقرة: 227) عزم طلاق اور ہے اور عملاً طلاق دینا اور چیز ہے۔ (2) بہرحال امام بخاری رحمہ اللہ کا رجحان یہ ہے کہ مدت ایلاء چار ماہ گزرنے کے بعد خاوند اگر طلاق دے گا تو عورت فارغ ہو گی بصورت دیگر وہ مطلقہ نہیں ہو گی۔ اگر وہ رجوع نہ کرے اور نہ طلاق ہی دے تو عدالتی چارہ جوئی سے کام لیا جائے۔ واللہ أعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5291