ہم سے عبداللہ بن موسیٰ نے بیان کیا، کہا ہم سے اسرائیل نے، ان سے موسیٰ بن ابی عائشہ نے کہ انہوں نے سعید بن جبیر سے اللہ تعالیٰ کے ارشاد «لا تحرك به لسانك» الایۃ یعنی ”آپ قرآن کو لینے کے لیے زبان نہ ہلایا کریں“ کے متعلق پوچھا تو انہوں نے بیان کیا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے ہونٹ ہلایا کرتے تھے اس لیے آپ سے کہا گیا «لا تحرك به لسانك» الخ یعنی وحی پر اپنی زبان نہ ہلایا کریں، اس کا تمہارے دل میں جما دینا اور اس کا پڑھا دینا ہمارا کام ہے۔ جب ہم اس کو پڑھ چکیں یعنی جبرائیل تجھ کو سنا چکیں تو جیسا جبرائیل نے پڑھ کر سنایا تو بھی اس طرح پڑھ۔ پھر یہ بھی ہمارا ہی کام ہے کہ ہم تیری زبان سے اس کو پڑھوا دیں گے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ/حدیث: 4928]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4928
حدیث حاشیہ: 1۔ ایک دوسری روایت میں صراحت ہے کہ اس ہدایت کے بعد جب فرشتہ وحی لے کر آتا تو آپ گور سے اس کی پیش کردہ وحی سنتے۔ جب حضرت جبرئیل علیہ السلام تشریف لے جاتے تو آپ حسب وعدہ اسی طرح پڑھتے جس طرح اس نے پڑھا ہوتاتھا۔ (صحیح البخاری، بدء الوحی، حدیث: 5) 2۔ اس روایت میں مزید وضاحت ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے ہونہار شاگرد حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فرمایا: میں تمھیں اس طرح ہونٹ ہلا کر دکھاتا ہوں جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہلایا کرتے تھے۔ پھر حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے شاگرد موسیٰ بن ابو عائشہ سے فرمایا: میں تمھیں اس طرح ہونٹ ہلا کر دکھاتا ہوں جس طرح میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ہونٹ ہلاتے ہوئے دیکھا تھا۔ محدثین کی اصطلاح میں اس طرح کی حدیث کو ”حدیث مسلسل“ کہتے ہیں اس سے محدثین کی احادیث کے متعلق محنت اور کوشش کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس کی مزید وضاحت ہم کتاب بدء وحی میں کر آئے ہیں ایک نظر وہاں ڈال لی جائے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4928