ہم سے محمد بن مقاتل نے بیان کیا، کہا ہم کو یعلیٰ بن عبید نے خبر دی، کہا ہم سے سفیان بن دینار عصفری نے بیان کیا، ان سے عکرمہ نے، اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہ(آیت مذکورہ بالا میں) «لرادك إلى معاد» سے مراد ہے کہ اللہ پھر آپ کو مکہ پہنچا کر رہے گا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ/حدیث: 4773]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4773
حدیث حاشیہ: اللہ نے جو وعدہ فرمایا تھا وہ حرف بہ حرف صحیح ہو گیا اور فتح مکہ کے دن صداقت محمدی کا سارے عرب میں پرچم لہرا گیا۔ (صلی اللہ علیه وسلم)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4773
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4773
حدیث حاشیہ: معاد آدمی کے شہر کو کہتے ہیں کیونکہ وہ سفر کرکے واپس اسی جگہ آتا ہے۔ یہ آیت مکہ سے مدینہ جاتے ہوئے ہجرت کے دوران میں نازل ہوئی تھی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس وقت خوشخبری سنادی گئی تھی کہ آپ اپنے شہر مکہ مکرمہ آنے والے ہیں۔ اور ﴿وَأَنْتَ حِلٌّ بِهذَا الْبَلَدِ﴾ سے بھی یہی مفہوم متبادر ہوتا ہے، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ہجرت کے آٹھ سال بعد اپنا وعدہ پورا فرما دیا اور آپ8 ہجری میں فاتحانہ طور پر مکہ مکرمہ دوبارہ تشریف لائے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4773