حدیث حاشیہ: 1۔
اس حدیث کا عنوان سے یہ تعلق ہے کہ اس میں رسول اللہ ﷺ کے اس آیت پر عمل کرنے کا ذکر ہے جیسے امام بخاری ؒ نے عنوان میں ذکر کیا ہے مختلف بادشاہوں کو جو دعوتی خطوط لکھے گئے ان میں اسی آیت کو بنیاد بنا کر رسول ﷺ نے دعوت حق دی۔
2۔
اس حدیث سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ہرقل بالکل صحیح نتیجے پر پہنچ گیا تھا مگر اس کے درباریوں کے سامنے اس کی کوئی پیش نہ چل سکی، اور اتنی جراءت ایمانی اس میں نہ تھی کہ وہ اپنی حکومت کوخیر آباد کہہ کرمسلمان ہوجاتا اور دنیا وآخرت کی سعادت حاصل کرلیتا۔
یہی وہ کلمہ سواء یا کلمہ توحید ہے جس کا ذکر ہرالہامی کتاب میں پایا جاتا ہے۔
بعد میں لوگوں نے اس میں کئی طرح کی ملاوٹ کردی جیسا کہ عیسائیوں نے بعد میں الوہیت مسیح اور عقیدہ تثلیث کا شاخسانہ کھڑاکردیا تھا۔
3۔
اس کلمہ سواء کی تین دفعات ہیں:
۔
اللہ کے سوا کسی کو عبادت نہ کریں۔
کسی دوسرے کو اللہ کے اسماء صفات اور اختیارات میں شریک نہ کریں۔
۔
کوئی شخص اللہ کو چھوڑ کر کسی دوسرے کو رب نہ بنائے۔
اس آخری دفعہ کا مطلب یہ ہےکہ اللہ کے مقابلے میں احبار ورہبان کی بات کو نہ مانا جائے۔
دورحاضر میں اتحاد بین المذاہب کا بہت چرچاہے۔
ہمارے رجحان کے مطابق اتحاد بین المذاہب کی بنیاد اگریہی کلمہ ہو، یعنی کلمہ توحید تو یہ تحریک بہت ہی بابرکت ہے، اگر اس کے علاوہ کسی اور بات کو اس کی بنیاد قراردیا گیا ہے تویہ اتحاد کی تحریک نہیں بلکہ اسلام کو نیچا دکھانے کی سازش ہے۔
واللہ المستعان۔