مجھ سے محمود نے بیان کیا، کہا ہم کو عبیداللہ نے خبر دی، انہیں اسرائیل نے، انہیں منصور نے، انہیں ابراہیم نے، انہیں علقمہ نے اور ان سے عبداللہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ اشعث ان کے یہاں آئے، وہ اس وقت کھانا کھا رہے تھے، اشعث نے کہا کہ آج تو عاشوراء کا دن ہے۔ ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ان دنوں میں عاشوراء کا روزہ رمضان کے روزوں کے نازل ہونے سے پہلے رکھا جاتا تھا لیکن جب رمضان کے روزے کا حکم نازل ہوا تو یہ روزہ چھوڑ دیا گیا۔ آؤ تم بھی کھانے میں شریک ہو جاؤ۔ [صحيح البخاري/كِتَاب تَفْسِيرِ الْقُرْآنِ/حدیث: 4503]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4503
حدیث حاشیہ: ان جملہ احادیث میں رمضان کے روزوں کی فرضیت کا ذکر ہے۔ باب میں اور ان میں یہی مطابقت ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4503
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4503
حدیث حاشیہ: ایک روایت میں وضاحت ہے کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے کہا: ''اگرتم روزے دار نہیں ہوتو میرے ساتھ کھانا کھاؤ۔ " (صحیح مسلم، الصیام، حدیث: 2651(1127) حضرت جابر بن سمرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ہمیں عاشوراء کے دن روزہ رکھنے کا حکم دیتے تھے، پھر جب رمضان کے روزے فرض ہوئے تو ہمیں عاشوراء کے بارے میں نہ حکم ہوا اور نہ منع کیا گیا۔ (صحیح مسلم، الصیام، حدیث: 2652(1128)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4503