الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



صحيح البخاري
كِتَاب الْمَغَازِي
کتاب: غزوات کے بیان میں
9. بَابُ فَضْلُ مَنْ شَهِدَ بَدْرًا:
9. باب: بدر کی لڑائی میں حاضر ہونے والوں کی فضیلت کا بیان۔
حدیث نمبر: 3982
حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ، حَدَّثَنَا مُعَاوِيَةُ بْنُ عَمْرٍو، حَدَّثَنَا أَبُو إِسْحَاقَ، عَنْ حُمَيْدٍ، قَالَ: سَمِعْتُ أَنَسًا رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، يَقُولُ:" أُصِيبَ حَارِثَةُ يَوْمَ بَدْرٍ وَهُوَ غُلَامٌ , فَجَاءَتْ أُمُّهُ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَتْ: يَا رَسُولَ اللَّهِ قَدْ عَرَفْتَ مَنْزِلَةَ حَارِثَةَ مِنِّي فَإِنْ يَكُنْ فِي الْجَنَّةِ أَصْبِرْ وَأَحْتَسِبْ , وَإِنْ تَكُ الْأُخْرَى تَرَى مَا أَصْنَعُ، فَقَالَ:" وَيْحَكِ أَوَهَبِلْتِ أَوَجَنَّةٌ وَاحِدَةٌ هِيَ , إِنَّهَا جِنَانٌ كَثِيرَةٌ , وَإِنَّهُ فِي جَنَّةِ الْفِرْدَوْسِ".
مجھ سے عبداللہ بن محمد نے بیان کیا ‘ ہم سے معاویہ بن عمرو نے بیان کیا ‘ ہم سے ابواسحاق نے بیان کیا ‘ ان سے حمید نے بیان کیا کہ میں نے انس رضی اللہ عنہ سے سنا ‘ انہوں نے بیان کیا کہ حارثہ بن سراقہ انصاری رضی اللہ عنہ جو ابھی نوعمر لڑکے تھے ‘ بدر کے دن شہید ہو گئے تھے (پانی پینے کے لیے حوض پر آئے تھے کہ ایک تیر نے شہید کر دیا) پھر ان کی والدہ (ربیع بنت النصر ‘ انس رضی اللہ عنہ کی پھوپھی) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا: یا رسول اللہ! آپ کو معلوم ہے کہ مجھے حارثہ سے کتنا پیار تھا۔ اگر وہ اب جنت میں ہے تو میں اس پر صبر کروں گی اور اللہ تعالیٰ کی امید رکھوں گی اور اگر کہیں دوسری جگہ ہے تو آپ دیکھ رہے ہیں کہ میں کس حال میں ہوں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ تم پر رحم کرے، کیا دیوانی ہو رہی ہو، کیا وہاں کوئی ایک جنت ہے؟ بہت سی جنتیں ہیں اور تمہارا بیٹا جنت الفردوس میں ہے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْمَغَازِي/حدیث: 3982]
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

   صحيح البخاريإنها جنان في الجنة وإن ابنك أصاب الفردوس الأعلى
   صحيح البخاريإنها جنان كثيرة وإنه لفي جنة الفردوس
   صحيح البخاريإنها جنان كثيرة وإنه في جنة الفردوس
   صحيح البخاريإنها جنان كثيرة وإنه في الفردوس الأعلى
   جامع الترمذيإنها جنان في جنة وإن ابنك أصاب الفردوس الأعلى

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 3982 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3982  
حدیث حاشیہ:
حدیث سے بدر میں شریک ہونے والوں کی فضیلت ثابت ہوئی کہ وہ سب جنتی ہیں۔
یہ اللہ کا قطعی فیصلہ ہے۔
یہ حا رثہ بن سراقہ بن حارث بن عدی انصاری بن عدی بن نجارہیں۔
حارثہ کے باپ سراقہ صحا بی ؓ جنگ حنین میں شہید ہوئے تھے۔
(رضي اللہ عنه)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3982   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3982  
حدیث حاشیہ:

صحیح بخاری ؒ کی روایت میں ہے کہ حضرت حارثہ ؓ ایک ایسا تیرلگنے سے شہید ہوئے تھے جس کے مارنے والے کا علم نہیں تھا۔
اس بنا پر حضرت حارثہ ؓ کی والدہ کو فکر لاحق ہوئی کہ نامعلوم اس کا انجام کیا ہو۔
(صحیح البخاري، الجهاد والسیر، حدیث: 2809)

دوسری روایت میں یہ وضاحت ہے کہ ان کی والدہ نے کہا:
اللہ کے رسول اللہ ﷺ! اگر وہ کسی اور صورت حال سے دو چار ہے تو میں رونے دھونے میں اپنی طاقت صرف کردوں گی۔
(صحیح البخاري، الجهاد والسیر، حدیث: 2809)
رسول اللہ ﷺ نے اسے فرمایا:
تو پاگل ہو گئی ہے کہ بیٹے کے جنتی یا غیر جنتی ہونے کا سوال کرتی ہے یقین سے کیوں نہیں کہتی کہ میرا بیٹا جنت میں ہے۔
وہ کون سی جنت ہے؟ سوال تو یہ کہنا چاہیے تھا؟ وہ جنت الفردوس میں ہے جس سے نہریں پھوٹتی ہیں اور اس کے اوپر تو اللہ تعالیٰ کا عرش ہے۔

اس حدیث سے بدر میں شریک ہونے والوں کی فضیلت ثابت ہوئی کہ وہ سب جنتی ہیں اور یہ اللہ تعالیٰ کا قطعی فیصلہ ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3982   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3174  
´سورۃ المومنون سے بعض آیات کی تفسیر۔`
انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ ربیع بنت نضر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئیں، ان کے بیٹے حارث بن سراقہ جنگ بدر میں شہید ہو گئے تھے، انہیں ایک انجانا تیر لگا تھا جس کے بارے میں پتا نہ لگ سکا تھا، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: آپ مجھے (میرے بیٹے) حارثہ کے بارے میں بتائیے، اگر وہ خیر پاس کا ہے تو میں ثواب کی امید رکھتی اور صبر کرتی ہوں، اور اگر وہ خیر (بھلائی) کو نہیں پاس کا تو میں (اس کے لیے) اور زیادہ دعائیں کروں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: حارثہ کی ماں! جنت میں بہت ساری جنتیں ہیں، تمہارا ب۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب تفسير القرآن/حدیث: 3174]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
ارشاد باری تعالیٰ ﴿الَّذِينَ يَرِثُونَ الْفِرْدَوْسَ﴾  (المومنون: 11) کی تفسیرمیں مؤلف نے اس حدیث کا ذکر کیا ہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3174   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2809  
2809. حضرت انس بن مالک ؓسے روایت ہے کہ حضرت ام ربیع ؓجوبراء کی بیٹی اور حارثہ بن سراقہ ؓ کی والدہ ہیں، وہ نبی کریم ﷺ کے پاس حاضر ہوکر عرض کرنے لگیں: اللہ کے نبی کریم ﷺ! کیا آپ مجھے حارثہ ؓ کے متعلق نہیں بتائیں گے؟ وہ غزوہ بدر میں اچانک تیر لگنے سے شہید ہوگیا تھا۔ اگر وہ جنت میں ہے تو میں صبر کروں، اگر کوئی دوسری بات ہے تواس پر جی بھر کر رولوں۔ آپ نے فرمایا: اے ام حارثہ ؓ! جنت میں تو درجہ بدرجہ کئی باغ ہیں اورتیرا بیٹا فردوس اعلیٰ میں ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2809]
حدیث حاشیہ:
روایت میں ام ربیع ؓ کو براء کی بیٹی بتلانا راوی کا وہم ہے‘ صحیح یہ ہے کہ ام ربیع نضر ؓ کی بیٹی ہیں اور انس بن مالکؓ کی پھوپھی ہیں۔
ان کا بیٹا حارثہ ؓ نامی بدر کی لڑائی میں ایک نامعلوم تیر سے شہید ہوگیا تھا‘ ان ہی کے بارے میں انہوں نے یہ تحقیق فرمائی۔
یہ سن کر ام حارثہ ؓ ہنستی ہوئی گئی اور کہنے لگیں حارثہ مبارک ہو! مبارک ہو! پہلے یہ سمجھیں کہ حارثہ دشمن کے ہاتھ سے نہیں مارا گیا شاید اسے جنت نہ ملے مگر بشارت نبوی سن کر ان کو اطمینان ہوگیا۔
سبحان اللہ عہد نبوی کی مسلمان عورتوں کا بھی کیا ایمان اور یقین تھا کہ وہ اسلام کے لئے مر جانا موجب شہادت و دخول جنت جانتی تھی۔
آج کل کے مسلمان ہیں جو اسلام کے نام پر ہر ہر قدم پیچھے ہی ہٹتے جا رہے ہیں پھر بھلا ترقی اور کامیابی کیونکر نصیب ہو۔
اقبال نے سچ کہا ہے ؎ آتجھ کو بتاتا ہوں تقدیر امم کیا ہے شمشیر و سناں اول‘ طاؤس و رباب آخر
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2809   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6550  
6550. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ حضرت حارثہ ؓ جنگ بدر میں شہید ہوگئے جبکہ وہ اس وقت نو عمر تھے تو ان کی والدہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کی: اللہ کے رسول! آپ کو معلوم ہے کہ حارثہ سے مجھے کتنی محبت تھی، اگر وہ جنت میں ہے تو میں صبر کرتی ہوں اور اس صبر پر ثواب کی امیدوار ہوں اور اگر کوئی دوسری بات ہے تو آپ دیکھیں گے کہ میں کیا کرتی ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: افسوس، کیا تم پاگل ہوگئی ہو، کیا جنت ایک ہی ہے؟ وہاں تو بہت سی جنتیں ہیں اور وہ جنت الفردوس میں ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6550]
حدیث حاشیہ:
یہ حارثہ بن سراقہ انصاری رضی اللہ عنہ ہیں۔
ان کی ماں کا نام ربیع بنت نضر ہے جو انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی پھوپھی ہیں۔
یہی حارثہ جنگ بدر میں شہید ہوئے تھے۔
یہ پہلے انصاری نوجوان ہیں جو جنگ بدر میں انصار میں سے شہید ہوئے۔
(رضي اللہ عنه)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6550   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2809  
2809. حضرت انس بن مالک ؓسے روایت ہے کہ حضرت ام ربیع ؓجوبراء کی بیٹی اور حارثہ بن سراقہ ؓ کی والدہ ہیں، وہ نبی کریم ﷺ کے پاس حاضر ہوکر عرض کرنے لگیں: اللہ کے نبی کریم ﷺ! کیا آپ مجھے حارثہ ؓ کے متعلق نہیں بتائیں گے؟ وہ غزوہ بدر میں اچانک تیر لگنے سے شہید ہوگیا تھا۔ اگر وہ جنت میں ہے تو میں صبر کروں، اگر کوئی دوسری بات ہے تواس پر جی بھر کر رولوں۔ آپ نے فرمایا: اے ام حارثہ ؓ! جنت میں تو درجہ بدرجہ کئی باغ ہیں اورتیرا بیٹا فردوس اعلیٰ میں ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2809]
حدیث حاشیہ:

حضرت اُم حارثہ ؓنے یہ خیال کیا کہ میرا بیٹا دشمن کے ہاتھوں شہید نہیں ہوا شاید اسے جنت نہ ملے۔
جب انھیں پتہ چلا کہ ان کا بیٹا فردوس اعلیٰ میں ہے تو ہنستی مسکراتی ہوئی واپس ہوئیں اور کہنے لگیں۔
اے حارثہ! تجھے مبارک ہو حارثہ تیرے کیا ہی کہنے ہیں۔
۔
۔
رضي اللہ تعالیٰ عنه 2۔
واضح رہے کہ اس خاتون کا نام اُم ربیع بنت براء ؓ نہیں بلکہ ربیع بنت نضر ؓہے جو حضرت انس ؓ کی پھوپھی ہیں جنھوں نے اپنے شہید بھائی حضرت انس بن نضر ؓ کو انگلی کے پوروں سے شناخت کیا تھا۔
(فتح الباري: 29/6، 33)

اس حدیث سے امام بخاری ؒنے ایک وہم ازالہ کیا ہے کہ جب تیر مارنے والے کے متعلق معلوم نہیں کہ وہ کافر ہے یا مومن تو مقتول کو شہید کہنا کیسے ممکن ہے؟ اس پر تنبیہ فرمائی کہ میدان جنگ میں جو مسلمان مقتول پایا گیا وہ شہید ہے اگرچہ اس کا قاتل معلوم نہ ہو۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2809   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6550  
6550. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ حضرت حارثہ ؓ جنگ بدر میں شہید ہوگئے جبکہ وہ اس وقت نو عمر تھے تو ان کی والدہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کی: اللہ کے رسول! آپ کو معلوم ہے کہ حارثہ سے مجھے کتنی محبت تھی، اگر وہ جنت میں ہے تو میں صبر کرتی ہوں اور اس صبر پر ثواب کی امیدوار ہوں اور اگر کوئی دوسری بات ہے تو آپ دیکھیں گے کہ میں کیا کرتی ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: افسوس، کیا تم پاگل ہوگئی ہو، کیا جنت ایک ہی ہے؟ وہاں تو بہت سی جنتیں ہیں اور وہ جنت الفردوس میں ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6550]
حدیث حاشیہ:
(1)
حضرت حارثہ رضی اللہ عنہ کی والدہ ربیع بنت نضر رضی اللہ عنہا کا مطلب تھا کہ اگر وہ جنت میں ہے تو صبر کروں اور اگر اس کے علاوہ کوئی دوسری بات ہے تو پریشان لوگوں کی طرح واویلا کروں گی جسے ہر ایک دیکھے گا اور رو دھو کر اپنا غم ہلکا کروں گی جیسا کہ ایک دوسری روایت میں اس کی صراحت ہے۔
(صحیح البخاري، الجھاد والسیر، حدیث: 2809)
ایک دوسری حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
جب تم اللہ تعالیٰ سے دعا کرو تو جنت فردوس مانگا کرو کیونکہ یہ جنت سب سے اعلیٰ اور اونچے مقام پر ہے۔
اس کے اوپر اللہ کا عرش ہے اور جنت کی نہریں بھی اسی جنت سے پھوٹتی ہیں۔
(صحیح البخاري، التوحید، حدیث: 7423)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6550