ہم سے عبدان نے بیان کیا، کہا ہم کو عبداللہ نے خبر دی، کہا کہ مجھے عمر بن سعید بن ابی حسین نے خبر دی، انہیں ابن ابی ملیکہ نے، ان سے عقبہ بن حارث نے بیان کیا کہ میں نے ابوبکر رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ آپ حسن رضی اللہ عنہ کو اٹھائے ہوئے ہیں اور فرما رہے ہیں: میرے باپ ان پر فدا ہوں، یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہ ہیں، علی سے نہیں اور علی رضی اللہ عنہ مسکرا رہے تھے۔ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضَائِلِ الصحابة/حدیث: 3750]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3750
حدیث حاشیہ: مسند احمد کی روایت کے مطابق حضرت فاطمہ ؓ بھی اپنے لخت جگر حضرت حسن ؓ کے متعلق اس قسم کے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث: 3782) بنت سیرین کی روایت میں ہے کہ حضرت حسن ؓ رسول اللہ ﷺسے بہت مشابہت رکھتے تھے۔ (مسند أحمد 8/1، رقم 40۔ وفتح الباري: 122/7) ان احادیث میں بظاہر تعارض ہے جس کا ایک تفصیلی روایت سے حل کیا جاسکتا ہے کہ حضرت حسن ؓ رسول اللہ ﷺ کے سرمبارک سے سینہ مبارک تک آپ کے مشابہ تھے اور حضرت حسین ؓرسول اللہ ﷺ کے نچلے حصے سے مشابہت رکھتے تھے۔ (جامع الترمذي، حدیث: 3778) ان شہزادوں کے علاوہ اور بہت سے لوگ شکل وصورت میں رسول اللہ ﷺسے مشابہت رکھتے تھے۔ ان کی تفصیل حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے تحریر کی ہے۔ (جامع الترمذ، المناقب، حدیث: 3779)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3750