مجھ سے عبید بن اسماعیل نے بیان کیا، کہا ہم سے اسامہ نے بیان کیا، ان سے ہشام نے، انہیں ان کے والد نے خبر دی کہ میں نے مروان سے سنا کہ میں عثمان رضی اللہ عنہ کی خدمت میں موجود تھا کہ اتنے میں ایک صاحب آئے اور کہا کہ کسی کو آپ اپنا خلیفہ بنا دیجئیے،۔ آپ نے دریافت فرمایا کیا اس کی خواہش کی جا رہی ہے؟ انہوں نے بتایا کہ جی ہاں، زبیر رضی اللہ عنہ کی طرف لوگوں کا رجحان ہے، آپ نے اس پر فرمایا ٹھیک ہے، تم کو بھی معلوم ہے کہ وہ تم میں بہتر ہیں، آپ نے تین مرتبہ یہ بات دہرائی۔ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضَائِلِ الصحابة/حدیث: 3718]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3718
حدیث حاشیہ: حضرت عثمان ؓ نے اپنے بعد حضرت عبدالرحمان بن عوف ؓ کے متعلق نامزدگی لکھوائی تھی۔ اپنے کاتب حمران سے کہا تھا کہ اسے محض لکھنا، کسی سے اس کاذکر نہ کرنا،لیکن اس نے حضرت عبدالرحمان بن عوف ؓ کو بتادیا،اس پر حضرت عثمان ؓ نارض ہوئے اور حمران کو مدینہ بدرکررکے بصرہ بھیج دیا۔ حضرت عبدالرحمان چھ ماہ بعد فوت ہوگئے۔ ان کا سن وفات 32ھ ہے۔ حضرت عثمان سے لوگوں کا نامزدگی کامطالبہ کرنا کسی ناراضی کی وجہ سے نہ تھا بلکہ مرض کی وجہ سے تھا کہ شایداس سے بچ نہ سکیں کیونکہ مرض نکسیر ابتدائی دور میں پھوٹی تھی،جبکہ ابھی تک کوئی فتنہ وفساد نہ اٹھا تھا۔ (فتح الباري: 103/7)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3718