ہم سے عمرو بن علی نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے یزید بن ہارون نے بیان کیا، انہوں نے کہا ہم سے اسماعیل بن ابی خالد نے بیان کیا، انہیں شعبی نے خبر دی کہ جب عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جعفر رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے کو سلام کرتے تو یوں کہا کرتے «السلام عليك يا ابن ذي الجناحين.» اے دو پروں والے بزرگ کے صاحبزادے تم پر سلام ہو۔ ابوعبداللہ امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا حدیث میں جو «جناحين.» کا لفظ ہے اس سے مراد دو گوشے (کونے) ہیں۔ [صحيح البخاري/كِتَاب فَضَائِلِ الصحابة/حدیث: 3709]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3709
حدیث حاشیہ: ان کے والد حضرت جعفر بن ابی طالب جنگ موتی میں شہید ہوئے۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا میں نے ان کو جنت میں دیکھا ان کے جسم پر دوبازو لگے ہوئے ہیں۔ وہ فرشتوں کے ساتھ اڑتے پھرتے ہیں۔ اسی لیے ان کو جعفر طیار کہاگیا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3709
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3709
حدیث حاشیہ: حضرت عبداللہ بن جعفر ؓ کہتے ہیں کہ مجھے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تجھے مبارک ہو! میں نے اسے فرشتوں کے ہمراہ آسمان میں اڑتے ہوئے دیکھا ہے۔ “ اس روایت کو طبرانی نے حسن سند سے بیان کیا ہے۔ (مجمع الزوائد 273/9۔ رقم: 15498) امام ترمذی ؒنے بھی اسے بیان کیا ہے۔ (جامع الترمذي، المناقب، حدیث: 3763) لیکن اس کی سند میں کچھ ضعف ہے لیکن دوسرے شواہد کی بناپر اس کے ضعف کی تلافی ہوسکتی ہے۔ (فتح الباري: 98/7) دراصل حضرت جعفر بن ابی طالب ؓ جنگ موتہ میں بڑی بے جگری سے لڑے تھے کہ ان کےبازو کٹ گئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ نے کٹے ہوئے بازؤں کے عوض انھیں ایسے طاقتور دوپردیے ہیں کہ وہ جنت میں فرشتوں کے ہمراہ پرواز کرتے ہیں۔ “ اسی بنا پر انھیں جعفر طیار کہا جاتا ہے۔ واللہ أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3709