ہم سے اسحاق نے بیان کیا، کہا ہم کو وہب بن جریر نے خبر دی، ان سے میرے والد نے بیان کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے حمید بن ہلال سے سنا اور ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ جیسے وہ غبار میری نظروں کے سامنے ہے۔ موسیٰ نے روایت میں یوں زیادتی کی کہ جبرائیل علیہ السلام کے (ساتھ آنے والے) سوار فرشتوں کی وجہ سے۔ جو غبار خاندان بنو غنم کی گلی سے اٹھا تھا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب بَدْءِ الْخَلْقِ/حدیث: 3214]
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 3214
حدیث حاشیہ: بنوغنم قبیلہ خزرج کی ایک شاخ ہے جو انصار میں سے تھے، حضرت ابوایوب انصاری اسی خاندان سے تھے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3214
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3214
حدیث حاشیہ: 1۔ کرمانی نے کہا ہے: بنوغنم ایک قبیلہ ہے جس کا تعلق بنو تغلب سےہے۔ یہ وہم ہے کیونکہ وہ اس وقت مدینہ میں نہیں تھے۔ اس سے مراد قبیلہ خزرج کی ایک شاخ ہے جو انصار میں سے تھے۔ حضر ابوایوب انصاری ؓ بھی اسی خاندان سے ہیں۔ (عمدة القاري: 576/10) 2۔ راوی حدیث موسیٰ بن اسماعیل کی روایت کو امام بخاری ؒ نے متصل سند سے بیان کیا ہے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب رسول اللہ ﷺ بنوقریظہ سے نمٹنے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4118) 3۔ چونکہ اس میں حضرت جبریل اور اس کے لشکر کابیان ہے، اس لیے امام بخاری ؒنے اس حدیث سے فرشتوں کے وجود پر دلیل لی ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3214