الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



صحيح البخاري
كِتَاب الصَّوْمِ
کتاب: روزے کے مسائل کا بیان
68. بَابُ صِيَامِ أَيَّامِ التَّشْرِيقِ:
68. باب: ایام تشریق کے روزے رکھنا۔
حدیث نمبر: 1999
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ، أَخْبَرَنَا مَالِكٌ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ، عَنْ سَالِمِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ، عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ:"الصِّيَامُ لِمَنْ تَمَتَّعَ بِالْعُمْرَةِ إِلَى الْحَجِّ إِلَى يَوْمِ عَرَفَةَ، فَإِنْ لَمْ يَجِدْ هَدْيًا، وَلَمْ يَصُمْ، صَامَ أَيَّامَ مِنًى"، وَعَنِ ابْنِ شِهَابٍ، عَنْ عُرْوَةَ، عَنْ عَائِشَةَ، مِثْلَهُ، تَابَعَهُ إِبْرَاهِيمُ بْنُ سَعْدٍ، عَنِ ابْنِ شِهَابٍ.
ہم سے عبداللہ بن یوسف نے بیان کیا، کہا کہ ہم کو امام مالک رحمہ اللہ نے خبر دی، انہیں ابن شہاب نے، انہیں سالم بن عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے اور ان سے ابن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ جو حاجی حج اور عمرہ کے درمیان تمتع کرے اسی کو یوم عرفہ تک روزہ رکھنے کی اجازت ہے، لیکن اگر قربانی کا مقدور نہ ہو اور نہ اس نے روزہ رکھا تو ایام منی (ایام تشریق) میں بھی روزہ رکھے۔ اور ابن شہاب نے عروہ سے اور انہوں نے عائشہ رضی اللہ عنہا سے اسی طرح روایت کی ہے۔ امام مالک رحمہ اللہ کے ساتھ اس حدیث کو ابراہیم بن سعد نے بھی ابن شہاب سے روایت کیا۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الصَّوْمِ/حدیث: 1999]
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة»

حكم: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

صحیح بخاری کی حدیث نمبر 1999 کے فوائد و مسائل
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1999  
حدیث حاشیہ:
(1)
ایام تشریق میں روزے رکھنے کے متعلق حضرت عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، انہوں نے اپنے بیٹے عبداللہ رضی اللہ عنہ سے کہا:
ایام تشریق میں کھاؤ پیو کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں ان دنوں روزہ چھوڑنے کا حکم دیا کرتے تھے اور روزہ رکھنے سے منع فرمایا کرتے تھے۔
امام مالک فرماتے ہیں:
ان دنوں سے مراد گیارہ، بارہ اور تیرہ کے دن ہیں۔
(سنن ابی داؤد،الصیام،حدیث: 2418) (2)
اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ ایام تشریق میں روزہ رکھنا جائز نہیں، البتہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی احادیث سے جواز معلوم ہوتا ہے۔
ان میں تطبیق کی یہ صورت ہے کہ ممانعت غیر متمتع کے لیے ہے اور جواز والی احادیث متمتع کے لیے ہیں جو قربانی کی طاقت نہ رکھتا ہو۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اسی فیصلے کو اختیار کیا ہے اور اسے امام بخاری رحمہ اللہ کا رجحان قرار دیا ہے۔
(فتح الباری: 4/309) (3)
ابراہیم بن سعد کی متابعت کو امام شافعی نے متصل سند سے بیان کیا ہے۔
اس میں ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا:
وہ متمتع ایام تشریق میں روزے رکھ لے جسے قربانی میسر نہ ہو۔
(فتح الباری: 4/309،ومسندالشافعی،حدیث: 645،طبعہ دارالکتب العلمیۃ،بیروت)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1999