ہم سے احمد بن سنان نے بیان کیا، ان سے یزید بن ہارون نے بیان کیا، انہیں ورقاء نے خبر دی، انہیں زید بن اسلم نے خبر دی، ان سے ان کے والد نے بیان کیا کہ میں نے دیکھا کہ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے حجر اسود کو بوسہ دیا اور پھر فرمایا کہ ”اگر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تجھے بوسہ دیتے نہ دیکھتا تو میں کبھی تجھے بوسہ نہ دیتا۔“[صحيح البخاري/كِتَاب الْحَجِّ/حدیث: 1610]
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1610
حدیث حاشیہ: (1) حجراسود جنت کا ایک پتھر ہے۔ اسے بوسہ دینے میں یہ حکمت ہے کہ اس سے جنت کی چیز دیکھ کر خوشی کا اظہار مقصود ہے۔ قبل ازیں یہ روایت تفصیل سے گزر چکی ہے کہ حضرت عمر ؓ نے حجراسود سے مخاطب ہو کر فرمایا تھا کہ تو ایک پتھر ہے، کسی کو ذاتی طور پر نفع یا نقصان پہنچانا تیرے بس میں نہیں ہے۔ (صحیح البخاري، الحج، حدیث: 1597)(2) مشروعات کا استعمال نفع دیتا ہے، تاہم حضرت عمر ؓ کا مقصد تھا کہ حجراسود کی ذاتی طور پر کوئی خصوصیت نہیں جو کسی کے لیے نفع یا نقصان کا باعث ہو، البتہ رسول اللہ ﷺ کے بوسہ دینے کی وجہ سے یہ پتھر دوسرے پتھروں سے ممتاز ہو گیا ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1610