سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیشک جس آدمی کے سینے میں قرآن پاک میں سے کچھ نہیں وہ ویران گھر کے مانند ہے۔“[سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3338]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده حسن، [مكتبه الشامله نمبر: 3349] » اس حدیث کی سند قابوس کی وجہ سے حسن ہے۔ حوالہ دیکھئے: [ترمذي 2914] ، [أحمد 223/1] ، [طبراني 109/12، 12619] ، [ابن كثير فى فضائل القرآن، ص: 284] ، [السهمي فى تاريخ جرجان من طريق الدارمي، ص: 412] ، [البغوي فى شرح السنة 1185] ، [الحاكم فى المستدرك 554/1] و [البيهقي فى شعب الإيمان 3349]
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: یہ قرآن پاک اللہ تعالیٰ کا دسترخوان ہے، جتنا ہو سکے اس کو لے لو، میرے علم میں کوئی گھر اتنا محتاج نہیں جس میں الله کی کتاب کا کچھ حصہ نہ ہو، بیشک وہ دل جس میں کتاب اللہ میں سے کچھ نہ ہو وہ ویران ہے اس گھر کی ویرانی کی طرح جس میں کوئی رہتا نہ ہو۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3339]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «رجاله ثقات غير أن أبا سنان سعيد بن سنان متأخر السماع من أبي إسحاق وهو موقوف على ابن مسعود، [مكتبه الشامله نمبر: 3350] » یہ اثر سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ پر موقوف ہے۔ اس کے رجال ثقات ہیں۔ مذکور بالا حدیث اس کے آخری حصے کی تائید ہوتی ہے۔ اس اثر کو دیکھئے: [ابن أبى شيبه 10071] ، [عبدالرزاق 5998] ، [طبراني 138/9، 8642] میں۔ نیز دیکھئے: اگلی حدیث۔
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: اس قرآن کریم کو سیکھو، تم کو اس کی تلاوت کے ہر حرف پر دس نیکیوں کا اجر دیا جائے گا، میں نہیں کہتا «الم»(ایک حرف ہے) بلکہ «الف لام ميم» تین حروف ہیں اور ہر حرف کے بدلے دس نیکیاں ہیں۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3340]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح وهو موقوف، [مكتبه الشامله نمبر: 3351] » یہ اثر موقوف علی سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ ہے۔ اور ابوالاحوس کا نام عوف بن مالک ہے۔ بعض رواۃ نے اس کو مرفوعاً بھی روایت کیا ہے۔ دیکھئے: [ترمذي 2912، وقال: هذا حديث حسن صحيح] ۔ نیز دیکھئے: [ابن أبى شيبه 9981، 10071] ، [عبدالرزاق 5993] ، [البخاري فى الكبير 216/1] ، [الطبراني 139/9، 8648، 8649] و [ابن الضريس فى فضائل القرآن 60]
حفص بن غیاث حنفی نے بیان کیا کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے تھے: بیشک گھر میں اگر قرآن پاک پڑھا جائے تو وہ اس گھر والوں کے لئے کشادہ ہو جاتا ہے (رحمت کے) فرشتے وہاں حاضر ہوتے ہیں، اور شیطان اس گھر کو چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، اور اس میں خیر کی کثرت ہوتی ہے، اور جس گھر میں قرآن کریم نہ پڑھا جائے وہ اپنے رہنے والوں کے لئے تنگ ہو جاتا ہے، فرشتے اسے چھوڑ جاتے ہیں اور شیطان آ کر اس میں بس جاتے ہیں اور اس میں خیر کی قلت ہوتی ہے۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3341]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح وهو موقوف على أبي هريرة، [مكتبه الشامله نمبر: 3352] » اس اثر کی سند صحیح ہے، اور یہ بھی موقوف على سیدنا ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ ہے۔ دیکھئے: [ابن أبى شيبه 10076] ، [فضائل القرآن لابن الضريس 185]
عقبہ بن عامر کہتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”قرآن پاک اگر چمڑے پر لکھا جائے، پھر آگ میں ڈال دیا جائے تو وہ جلے گا نہیں۔“[سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3342]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده ضعيف لضعف ابن لهيعة، [مكتبه الشامله نمبر: 3353] » ابن لہیعہ کی وجہ سے اس حدیث کی سند ضعیف ہے، لیکن بہت سے طرق سے مروی ہے۔ دیکھئے: [فضائل القرآن للفريابي 2] ، [شرح مشكل الآثار للطحاوي 906] ، [فضائل القرآن لابن كثير، ص: 303] ، [أحمد 151/4] ، [أبويعلی 1745] ، [طبراني 308/17، 850] ، [شعب الايمان للبيهقي 2699، وغيرهم]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: قرآن پڑھو، وہ قیامت کے دن بہت اچھا شفیع ہو گا، وہ قیامت کے دن کہے گا: اے میرے رب! اس (قاری قرآن) کو کرامت کا زیور پہنا دے، چنانچہ اس کو عزت و کرامت کے زیور سے آراستہ کر دیا جائے گا، تو پھر وہ کہے گا: اے رب! اس کو کرامت کا لباس بھی پہنا دے، چنانچہ اس شخص کو کرامت کا لباس پہنا دیا جائے گا، پھر وہ سفارش کرے گا: اے رب! اس کو کرامت کا تاج بھی پہنا دے، اے رب! اس سے راضی ہو جا، تیری رضا مندی کے بعد کسی چیز کی ضرورت نہیں۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3343]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده حسن من أجل عاصم وهو: ابن أبي النجود، [مكتبه الشامله نمبر: 3354] » عاصم بن ابی النجود کی وجہ سے اس اثر کی سند حسن ہے۔ دیگر اسانید سے یہ مرفوعاً بھی روایت ہے۔ دیکھئے: [ترمذي 2916، مرفوعًا وقال: هذا حديث حسن صحيح] ، [الحاكم 552/1] ، [البيهقي فى شعب الإيمان 1996، 1997] ۔ نیز دیکھئے: [ابن أبى شيبه 10096] ، [فضائل القرآن لابي عبيد، ص: 83] و [فضائل القرآن لابن الضريس 101، 109] ۔ نیز امام ترمذی نے فرمایا: «شعبه عن عاصم بن بهدله عن أبى صالح عن أبى هريرة موقوفًا وهذا أصح من حديث عبدالصمد عن شعبه»
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: قیامت کے دن قرآن کریم آئے گا اور اپنے پڑھنے والے کے لئے شفاعت کرتے ہوئے کہے گا: اے رب! ہر مزدور کے لئے اس کے کام کی مزدوری ہے، اور میں اس کو لذت رسانی سے اور سونے سے روکتا تھا، تو اس کی عزت افزائی فرما، کہا جائے گا: اپنا داہنا ہاتھ دراز کرو اور اس کو اللہ تعالیٰ کی رضامندی سے بھر دیا جائے گا، پھر کہا جائے گا: بایاں ہاتھ پھیلاؤ اس کو بھی الله تعالیٰ کی رضا سے بھر دیا جائے گا، اور اس کو عزت و کرامت کا لباس پہنایا جائے گا، کرامت کے زیور سے وہ آراستہ کیا جائے گا اور اس (کے سر) پر کرامت کا تاج رکھا جائے گا۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3344]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده حسن من أجل عاصم، [مكتبه الشامله نمبر: 3355] » اس اثر کی سند عاصم کی وجہ سے حسن ہے۔ دیکھئے: [ابن أبى شيبه 10098، 10099] ، [ابن منصور 22] ، [فضائل القرآن لابن الضريس 102] ، موقوفاً علی سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما۔
ابوصالح نے کہا: قرآن کریم اپنے پڑھنے والے کے لئے سفارش کرے گا تو اس (قاری) کو کرامت کی پوشاک پہنائی جائے گی، قرآن عرض کرے گا: اے رب! اور اضافہ فرما، چنانچہ کرامت کا تاج پہنایا جائے گا، کہا پھر وہ کہے گا: اے رب! اور مزید عطاء فرما، اس کو اور نواز دے، اللہ تعالیٰ اس کو اپنی رضامندی عطا کرے گا۔ امام دارمی رحمہ اللہ نے کہا: وہیب بن الورد نے کہا: قرآن کی قرأت کو علم بناؤ (صرف) عمل نہیں۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3345]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده جيد وهو موقوف على أبي صالح، [مكتبه الشامله نمبر: 3356] » اس اثر کی سند جید اور موقوف علی ابی صالح ہے۔ دیکھئے: [ابن أبى شيبه 10097] ، [فضائل القرآن لابن ضريس 102]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا تم میں سے کوئی پسند کرے گا کہ وہ جب اپنے گھر آئے تو تین نہایت فربہ حاملہ اونٹنیاں کھٹری پائے؟“ عرض کیا: بے شک یا رسول اللہ! (ہم میں سے ہر کوئی اس کو پسند کرتا ہے)، فرمایا: ”پس تین آیات جن کو انسان پڑھتا ہے ان تین (موٹی حاملہ) اونٹنیوں سے بہتر ہیں۔“[سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3346]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده جيد، [مكتبه الشامله نمبر: 3357] » اس حدیث کی سند جید ہے اور حدیث صحیح ہے۔ دیکھئے: [مسلم 802] ، [ابن ماجه 3782] ، [أحمد 266/2، 396] ، [ابن أبى شيبه 10122] ، [فضائل القرآن للفريابي 70] ، [شرح السنة للبغوي 1177] ، [شعب الايمان 2242، وغيرهم] ۔ مسلم اور ابن ماجہ میں تین آیات نماز میں پڑھنے کا ذکر ہے۔
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: بیشک یہ قرآن اللہ کا دسترخوان ہے، اس کے دسترخوان سے جتنا ہو سکے علم حاصل کرو، بیشک یہ قرآن کریم اللہ کی رسی، نور، شفا اورنفع بخش ہے، جو اس کو تھامے اس کے لئے (گناہوں سے بچنے کا) سبب ہے، اور جو اس کی پیروی کرے اس کے لئے نجات ہے، اس پر چلنے والا گمراہ نہ ہوگا کہ اس کو رضامندی طلب کرنی پڑے، نہ ٹیڑھا ہو گا کہ اس کو سیدھا کرنا پڑے، اور اس کے عجائب ختم ہونے والے نہیں ہیں، اور بار بار پڑھنے سے یہ پرانا نہ ہو گا، اس کو پڑھو بیشک اس کی تلاوت پر الله تعالیٰ تمہیں اجر و ثواب سے نوازے گا، ہر ایک حرف کے بدلے دس نیکیاں ہیں، میں نہیں کہتا کہ الم ایک حرف ہے بلکہ الف لام اور میم (الگ الگ حرف) ہیں۔ [سنن دارمي/من كتاب فضائل القرآن /حدیث: 3347]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده ضعيف لضعف إبراهيم الهجري، [مكتبه الشامله نمبر: 3358] » ابراہیم بن مسلم الہجری کی وجہ سے اس اثر کی سند ضعیف ہے۔ بعض رواۃ نے اس کو مرفوعاً بھی روایت کیا ہے۔ اس کا طرف اول (3339) پر گذر چکا ہے۔ مزید حوالے کے لئے دیکھئے: [عبدالرزاق 6017] ، [طبراني 139/9، 8646] ، [أبونعيم فى الحلية 130/1] ، [الحاكم فى المستدرك 555/1] ، [أبوعبيد فى فضائل القرآن، ص: 49-50] ، [نسائي فى عمل اليوم 963] و [أبونعيم فى أخبار أصبهاني 278/2] ، [ابن منصور 7] و [البيهقي فى شعب الايمان 1985] ، «كلهم عن طريق ابراهيم الهجري» ۔