صحابیٔ رسول سیدنا ابو عزه یسار بن عبد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب اللہ تعالیٰ کسی بندے کو کسی زمین میں فوت کرنا چاہتا ہے تو اس جگہ اسے کوئی کام ڈال دیتا ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1282]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کپڑے سے ناک صاف کیا، پھر فرمایا: واہ واہ ابوہریرہ السی کے بنے ہوئے کپڑے سے ناک صاف کرتا ہے۔ میں نے خود کو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے حجرے اور منبر کے درمیان (بھوک کی وجہ سے) غشی کی حالت میں دیکھا ہے، لوگ (دیکھ کر) کہتے تھے: وہ دیوانہ ہے، حالانکہ مجھے بھوک کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا تھا۔ [الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1283]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه البخاري، كتاب الاعتصام بالكتاب و السنة: 7324 و الترمذي: 2367»
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: اللہ کے رسول! ہم اپنے دل میں بسا اوقات ایسے وسوسے پاتے ہیں کہ ہم انہیں زبان پر لانا کسی صورت گوارہ نہیں کرتے، خواہ ہمیں روئے زمین کی ساری دولت مل جائے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا تم نے ایسی بات کو دل میں پایا؟“ انہوں نے عرض کیا: جی ہاں! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ صریح اور خالص ایمان ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1284]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه مسلم، كتاب الإيمان: 132/209 و أبوداؤد: 5111»
شہر بن حوشب رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ میں اور میرے ماموں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گئے اور عرض کیا: ہم میں سے کسی ایک کے سینے میں ایسے خیالات آتے ہیں کہ اگر وہ انہیں زبان پر لائے تو اس کی آخرت تباہ ہو جائے، اور اگر ظاہر ہو جائے تو وہ قتل کر دیا جائے۔ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے یہ سن کر تین دفعہ الله اکبر کہا اور کہا: رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بارے میں پوچھا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کسی کے ساتھ ایسی صورت حال پیش آئے تو وہ تین مرتبہ اللہ اکبر کہے۔ بلاشبہ اس چیز کا احساس مومن کے سوا کسی کو نہیں ہوتا۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1285]
تخریج الحدیث: «ضعيف: أخرجه هناد فى الزهد: 469/2 و أبويعلى: 4630»
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لوگ مسلسل ان چیزوں کے بارے میں سوال کرتے رہیں گے جو ہونے والی نہیں، یہاں تک کہ وہ یہ کہیں گے: اللہ ہر چیز کا خالق ہے تو اللہ کو کس نے پیدا کیا؟“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1286]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه البخاري، كتاب الاعتصام: 7296 و مسلم: 2563 و أبوداؤد: 4917»
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بدگمانی سے بچو، کیونکہ بدگمانی سب سے جھوٹی بات ہے، ایک دوسرے کی جاسوسی نہ کرو، اور نہ دنیا میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرو۔ ایک دوسرے سے پیٹھ نہ پھیرو، اور نہ ایک دوسرے سے حسد کرو، اور نہ بغض ہی رکھو، اور اللہ کے بندے بھائی بھائی بن جاؤ۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1287]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه البخاري، كتاب الأدب: 6066 و مسلم: 2563 و أبوداؤد: 4917»
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنی ازواج مطہرات میں سے کسی بیوی کے ساتھ تھے کہ وہاں سے ایک آدمی گزرا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بلا کر فرمایا: ”اے فلاں! یہ میری فلاں بیوی ہے۔“ اس نے کہا: میں جس کے ساتھ بھی بدگمانی کرنے والا ہوں، آپ کے ساتھ تو بدگمانی نہیں کر سکتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بلاشبہ شیطان ابن آدم کی رگوں میں خون کی طرح گردش کرتا ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1288]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه مسلم، كتاب السلام: 2174 و أبو داؤد: 4719»
سیدنا عبداللہ بن عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جس کی چوری ہوئی ہو وہ مسلسل بدگمانی کرتا رہتا ہے، یہاں تک کہ چور سے بھی (گناہ میں) بڑھ جاتا ہے۔ [الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1289]
تخریج الحدیث: «صحيح: أنظر تاريخ بغداد: 199/16 و تهذيب التهذيب: 159/11 و ميزان الاعتدال: 380/4»
بلال بن سعد اشعری رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ کو لکھا کہ مجھے دمشق کے فاسق (شریر) لوگوں کے نام لکھے بھیجو، تو انہوں نے کہا: مجھے دمشق کے فاسقوں سے کیا سروکار ہے؟ میں کہاں سے ان کو پہچانوں گا۔ ان کے بیٹے بلال رحمہ اللہ نے کہا: میں ان کے نام لکھ دیتا ہوں، چنانچہ انہوں نے ان کے نام لکھ دیے۔ سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ نے پوچھا: تم نے ان کے بارے میں کہاں سے جان لیا؟ تمہیں کیسے پتا چلا کہ وہ فاسق ہیں الا یہ کہ تم بھی ان میں سے ہو۔ اس لیے پہلے اپنا نام لکھو۔ اور انہوں نے نام لکھ کر نہ بھیجے۔ [الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1290]
عبدالعزیز بن قیس رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ میں سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس گیا جبکہ ایک لونڈی ان کے بال مونڈ رہی تھی۔ انہوں نے فرمایا: بال اتارنے والا پاؤڈر یا لوشن جلد کو نرم کر دیتا ہے۔ [الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 1291]
تخریج الحدیث: «ضعيف: أخرجه ابن سعد فى الطبقات: 154/4 و الطبراني فى الكبير: 266/12»