سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”جس کی تین بیٹیاں ہوں اور وہ ان پر صبر کرے، اور ان کو اپنے مال سے کپڑے پہنائے، تو وہ اس کے لیے آگ سے رکاوٹ ہوں گی۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 76]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه ابن ماجه، كتاب الأدب، باب بر الوالد و الإحسان إلى البنات: 3669 و أخرجه أحمد: 154/4 - الصحيحة: 294، 1027»
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس مسلمان کو دو بیٹیاں مل گئیں اور اس نے انہیں حسن سلوک کے ساتھ رکھا تو وہ دونوں اسے جنت میں داخل کرا دیں گی۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 77]
تخریج الحدیث: «حسن لغيره: أخرجه ابن ماجه، الأدب، باب بر الوالد و الإحسان إلى البنات: 3670 - الصحيحة: 2776 و أحمد: 363/1 و الحاكم فى المستدرك: 178/4»
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس کی تین بیٹیاں ہوں جنہیں وہ ٹھکانا دیتا ہو، ان کی کفالت کرتا ہو، اور ان پر شفقت کرتا ہو تو اس کے لیے ضرور جنت واجب ہو گئی۔“ حاضرین میں سے ایک شخص نے کہا: اے اللہ کے رسول! اگر کسی کی دو بیٹیاں ہوں تو (ان کے ساتھ حسن سلوک کا بھی یہی ثواب ہے؟) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”دو کے ساتھ حسن سلوک کا بھی یہی ثواب ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 78]
سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس کی تین بیٹیاں یا تین بہنیں ہوں اور وہ ان سے حسن سلوک کرتا ہو تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 79]
تخریج الحدیث: «حسن: أخرجه أبوداؤد، الأدب، باب فضل من عال بينهما: 5147 و الترمذي: 1912، صحيح الترغيب: 1973 - الصحيحة: 294»
حضرت علی بن رباح سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا سراقہ بن جعشم رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ”کیا میں تمہیں سب سے عظیم صدقے کی خبر نہ دوں؟“ انہوں نے کہا: کیوں نہیں، اے اللہ کے رسول! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”تیری وہ بیٹی (جو طلاق کے بعد یا شوہر کی وفات کے بعد) واپس آ جائے، جس کے لیے تیرے علاوہ کوئی کمانے والا نہ ہو (جب تو اس پر خرچ کرے گا تو یہ بہت بڑا صدقہ ہو گا۔)“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 80]
تخریج الحدیث: «ضعيف: أخرجه أحمد: 17586 و ابن ماجه: 3667 - الضعيفة: 4822 - المشكاة: 5002»
حضرت علی سیدنا سراقہ بن جعشم رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے سراقہ“، پھر مذکور حدیث کی طرح بیان کیا۔ [الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 81]
سیدنا مقدام بن معدیکرب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ”جو تو خود کھائے وہ تیرے لیے صدقہ ہے، اور جو تو اپنی اولاد کو کھلائے وہ تیرے لیے صدقہ ہے، جو تو اپنی بیوی کو کھلائے وہ تیرے لیے صدقہ ہے، اور جو تو اپنے نوکر کو کھلائے وہ بھی تیرے لیے صدقہ ہے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 82]
تخریج الحدیث: «صحيح: أخرجه أحمد: 17179 و النسائي فى الكبرىٰ: 9141 و الطبراني فى الكبير: 268/20 - الصحيحة: 492»
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ان کے ہاں ایک شخص تھا جس کی بیٹیاں تھیں، اس نے ان کے مر جانے کی خواہش کی تو سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما غضبناک ہو گئے اور فرمایا: تم انہیں رزق دیتے ہو؟ [الادب المفرد/كِتَابُ/حدیث: 83]