الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح مسلم کل احادیث (2179)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح مسلم
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فضائل
26. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی مبارک کا بیان۔
حدیث نمبر: 1563
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ سر اور داڑھی کے سفید بال اکھیڑنا مکروہ ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خضاب نہیں کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی چھوٹی داڑھی میں جو نیچے کے ہونٹ تلے ہوتی ہے، کچھ سفیدی تھی، اور کچھ کنپٹیوں پر اور سر میں کہیں کہیں سفید بال تھے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1563]
27. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بڑھاپے کا بیان۔
حدیث نمبر: 1564
سیدنا ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا رنگ سفید تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم بوڑھے ہو گئے تھے اور سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ تھے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1564]
28. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سر کے بالوں کا بیان۔
حدیث نمبر: 1565
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال کندھوں کے قریب تک تھے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1565]
حدیث نمبر: 1566
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال آدھے کانوں تک تھے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1566]
29. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سر کے بالوں کو لٹکانا اور مانگ نکالنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 1567
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ اہل کتاب یعنی یہود اور نصاریٰ اپنے بالوں کو پیشانی پر لٹکتے ہوئے چھوڑ دیتے تھے (یعنی مانگ نہیں نکالتے تھے) اور مشرک مانگ نکالتے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اہل کتاب کے طریق پر چلنا دوست رکھتے تھے جس مسئلہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی حکم نہ ہوتا (یعنی بہ نسبت مشرکین کے اہل کتاب بہتر ہیں تو جس باب میں کوئی حکم نہ آتا آپ صلی اللہ علیہ وسلم اہل کتاب کی موافقت اس مسئلے میں اختیار کرتے) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی پیشانی پر بال لٹکانے لگے اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم مانگ نکالنے لگے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1567]
30. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے تبسم کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1567M
اس باب کے متعلق سیدنا انس کی حدیث کتاب الصلٰوۃ میں گزر چکی ہے (دیکھئیے حدیث: 281)[مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1567M]
31. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کنواری لڑکی جو پردے میں ہوتی ہے، سے بھی زیادہ شرمیلے تھے۔
حدیث نمبر: 1568
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں اس کنواری لڑکی سے جو پردے میں رہتی ہے، زیادہ شرم تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب کسی چیز کو برا جانتے تو ہم اس کی نشانی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرے سے پہچان لیتے تھے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1568]
32. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم کی خوشبو اور جسم کا ملائم ہونا۔
حدیث نمبر: 1569
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا رنگ مبارک سفید، چمکتا ہوا تھا (نووی نے کہا کہ یہ رنگ سب رنگوں سے عمدہ ہے) اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پسینہ مبارک موتی کی طرح تھا اور جب چلتے تو (پسینے کے قطرے دائیں بائیں، ادھر ادھر جھکے جاتے تھے جیسے کشتی جھکتی جاتی ہے) اور میں نے دیباج اور حریر بھی اتنا نرم نہیں پایا جتنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلی نرم تھی اور میں نے مشک اور عنبر میں بھی وہ خوشبو نہ پائی جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم مبارک میں تھی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1569]
حدیث نمبر: 1570
سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ظہر کی نماز پڑھی، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر جانے کو نکلے اور میں بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نکلا۔ سامنے کچھ بچے آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر ایک بچے کے رخسار پر ہاتھ پھیرا اور میرے رخسار پر بھی ہاتھ پھیرا۔ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں وہ ٹھنڈک اور وہ خوشبو دیکھی جیسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خوشبو ساز کے ڈبہ میں سے ہاتھ نکالا ہو۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1570]
33. وحی کے دوران سردی میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا پسینہ مبارک۔
حدیث نمبر: 1571
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر سردی کے دنوں میں بھی وحی اترتی، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشانی سے (وحی کی سختی سے) پسینہ بہہ نکلتا تھا۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 1571]

Previous    1    2    3    4    5    6    7    8    9    Next