1. اس شخص کو وصیت کا شوق دلانا جسکے پاس وصیت کے قابل کوئی چیز ہو۔
حدیث نمبر: 981
سالم، سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کسی مسلمان کو، جس کے پاس وصیت کرنے کے قابل کوئی چیز ہو، لائق نہیں کہ وہ تین راتیں گزارے مگر اس کی وصیت اس کے پاس لکھی ہوئی ہونا چاہئے۔ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا کہ میں نے جب سے یہ حدیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے مجھ پر ایک رات بھی ایسی نہیں گزری کہ میرے پاس میری وصیت نہ ہو۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 981]
2. ایک تہائی سے زیادہ وصیت نہ کی جائے۔
حدیث نمبر: 982
فاتح ایران سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجۃ الوداع میں میری عیادت کی جس میں میں ایسے درد میں مبتلا تھا کہ موت کے قریب ہو گیا تھا۔ میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! مجھے جیسا درد ہے آپ جانتے ہیں اور میں مالدار آدمی ہوں اور میرا وارث سوا ایک بیٹی کے اور کوئی نہیں ہے، کیا میں دو تہائی مال خیرات کر دوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”نہیں“۔ میں نے عرض کیا آدھا مال خیرات کر دوں؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں۔ ایک تہائی خیرات کر اور ایک تہائی بھی بہت ہے۔ اگر تو اپنے وارثوں کو مالدار چھوڑ جائے تو اس سے بہتر ہے کہ تو انہیں محتاج چھوڑ کر جائے کہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں۔ اور تو جو کچھ اللہ تعالیٰ کی رضامندی کے لئے خرچ کرے گا تو اس کا ثواب تجھے ملے گا یہاں تک کہ اس لقمے کا بھی جو تو اپنی بیوی کے منہ میں ڈالے۔ میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! کیا میں اپنے اصحاب سے پیچھے رہ جاؤں گا؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر تو پیچھے رہے گا (یعنی زندہ رہے گا) اور ایسا عمل کرے گا جس سے اللہ تعالیٰ کی خوشی منظور ہو، تو تیرا درجہ بڑھے گا اور بلند ہو گا اور شاید تو زندہ رہے، یہاں تک کہ تجھ سے بعض لوگوں کو فائدہ ہو اور بعض لوگوں کو نقصان۔ یا اللہ! میرے اصحاب کی ہجرت پوری کر دے اور ان کو ان کی ایڑیوں پر مت پھیر لیکن بیچارہ سعد بن خولہ! راوی نے کہا کہ ان کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس لئے رنج کا اظہار کیا کہ وہ مکہ میں ہی فوت ہو گئے تھے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 982]
حدیث نمبر: 983
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ کاش لوگ ایک تہائی سے کم کر کے چوتھائی کی وصیت کیا کریں، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تہائی کی رخصت فرمائی اور فرمایا کہ تہائی بھی بہت (زیادہ) ہے۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 983]
3. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کتاب اللہ پر عمل کرنے کی وصیت کرنا۔
حدیث نمبر: 984
طلحہ بن مصرف کہتے ہیں کہ میں نے عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (مال وغیرہ کے بارے میں) وصیت کی تھی؟ انہوں نے کہا کہ نہیں۔ پھر میں نے کہا کہ پھر مسلمانوں پر کیوں وصیت فرض ہوئی؟ یا ان کو وصیت کا حکم کیوں ہوا؟ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی کتاب پر عمل کرنے کی وصیت کی تھی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 984]
حدیث نمبر: 985
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہ کوئی درہم و دینار چھوڑا نہ بکری یا اونٹ اور نہ (کسی مال کے لئے) وصیت کی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 985]
حدیث نمبر: 986
اسود بن یزید کہتے ہیں کہ لوگوں نے ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے پاس ذکر کیا کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصی تھے، تو انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو کب وصی بنایا؟ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے سینے سے لگائے بیٹھی تھی یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم میری گود میں تھے کہ اتنے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طشت منگوایا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم میری گود میں گر پڑے اور مجھے خبر نہیں ہوئی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وفات پا چکے ہیں پھر (علی رضی اللہ عنہ کو) کس وقت وصیت کی۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 986]
4. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وصیت کہ مشرکوں کو جزیرۃ العرب سے نکال دو اور سفیروں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو۔
حدیث نمبر: 987
سیدنا سعید بن جبیر کہتے ہیں کہ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جمعرات کا دن، کیا ہے جمعرات کا دن؟ پھر روئے یہاں تک کہ ان کے آنسوؤں سے کنکریاں تر ہو گئیں۔ میں نے کہا کہ اے ابن عباس! جمعرات کے دن سے کیا غرض ہے؟ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر بیماری کی شدت ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے پاس (دوات اور تختی) لاؤ کہ میں تمہیں ایک تحریر لکھ دوں تاکہ تم میرے بعد گمراہ نہ ہو جاؤ۔ (یہ سن کر) لوگ (کاغذ قلم کے متعلق) جھگڑنے لگے اور پیغمبر کے پاس جھگڑا نہیں چاہئے تھا۔ کہنے لگے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کیا حال ہے؟ کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی لغو صادر ہو سکتا ہے؟ پھر سمجھ لو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اچھی طرح سے سمجھ لو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے پاس سے ہٹ جاؤ کہ میں جس کام میں مصروف ہوں وہ اس سے بہتر ہے جس میں تم مشغول ہو (جھگڑے اور اختلاف میں) میں تم کو تین باتوں کی وصیت کرتا ہوں ایک تو یہ کہ مشرکوں کو جزیرہ عرب سے نکال دینا۔ دوسری جو سفارتیں آئیں ان کی خاطر اسی طرح کرنا جیسے میں کیا کرتا تھا۔ (تاکہ اور قومیں خوش ہوں اور ان کو اسلام کی طرف رغبت ہو) اور تیسری بات سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے نہیں کہی یا سعید نے کہا کہ میں بھول گیا۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 987]
5. صدقہ واپس لینے کی ممانعت (ہے)۔
حدیث نمبر: 988
امیرالمؤمنین سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ایک عمدہ گھوڑا اللہ کی راہ میں دیا اور جس کو دیا تھا اس نے اس کو تباہ کر دیا میں سمجھا کہ یہ اس کو اب سستے داموں بیچ ڈالے گا۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کو مت خرید اور اپنے صدقے کو مت پھیر۔ اس لئے کہ صدقے میں لوٹنے والا اس طرح ہے جیسے کتا جو قے کر کے پھر اس کو کھا جاتا ہے [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 988]
حدیث نمبر: 989
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ ہبہ کو لوٹانے والا اس طرح ہے جیسے کتا قے کر کے پھر اپنی قے کو کھا جاتا ہے [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 989]
6. جس نے اپنی ساری اولاد میں سے ایک کو کچھ عطیہ دیا۔
حدیث نمبر: 990
سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میرے والد رضی اللہ عنہ نے اپنا کچھ مال مجھے ہبہ کیا۔ میری ماں عمرہ بنت رواحہ رضی اللہ عنہ بولی کہ میں اس پر اس وقت خوش ہوں گی کہ تو اس (مال کے ہبہ کرنے) پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو گواہ کر دے۔ میرے والد بشیر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اس مال پر گواہ بنانے کے لئے گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ کیا تو نے اپنی سب اولاد کو ایسا ہی (مال) دیا ہے؟ انہوں نے کہا نہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ سے ڈرو اور اپنی اولاد میں انصاف کرو۔ پھر میرے والد واپس آئے اور وہ ہبہ واپس لیا۔ (ہبہ کا معنی تحفہ ہے)۔ [مختصر صحيح مسلم/حدیث: 990]