الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
آداب کا بیان
32. اس بیان میں کہ کون سے اشعار، رجزیہ کلام اور حدی بڑھنا جائز ہے اور کون سا مکروہ ہے۔
حدیث نمبر: 2047
سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بعض اشعار تو پرحکمت ہوتے ہیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2047]
33. اس بیان میں کہ انسان کا شعر و شاعری میں اس قدر مشغول ہونا منع ہے کہ وہ ذکر الٰہی، تعلیم اور قران مجید کی تلاوت سے بھی اس کو روک دے۔
حدیث نمبر: 2048
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر تم میں سے کسی کا پیٹ پیپ سے بھر جائے تو یہ اس سے بہتر ہے کہ شعر و شاعری سے بھر جائے۔ (بس شعر و شاعری ہی اس کو یاد ہو اور کچھ اس کے پیٹ میں نہ ہو اور خاص طور پر اشعار بھی وہ جو خلاف شرع ہوں)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2048]
34. کسی کو اس طرح کہنا کہ ”تیری خرابی ہو“۔
حدیث نمبر: 2049
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک جنگل کا رہنے والا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ یا رسول اللہ! قیامت کب ہو گی؟ (یہ حدیث پیچھے کتاب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ کے فضائل مناقب۔۔۔ باب: سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بیان۔۔۔ میں گزر چکی ہے) اور یہاں اس میں اتنا زیادہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تو جس سے محبت رکھتا ہے تو اس کے ساتھ ہو گا۔ ہم نے عرض کی کہ کیا ہم بھی اسی طرح (آپ کے ساتھ) ہوں گے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہاں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2049]
35. قیامت کے روز تمام لوگ اپنے باپوں کے نام کے ساتھ پکارے جائیں گے۔
حدیث نمبر: 2050
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت میں عہد شکنوں کے لیے ایک جھنڈا نصب کیا جائے گا اور پکارا جائے گا کہ یہ ہیں غداری کرنے والے فلاں کے بیٹے فلاں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2050]
36. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان: ”کرم تو مومن کا دل ہی ہے۔“۔
حدیث نمبر: 2051
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگ کہتے ہیں کرم (انگور ہے) حالانکہ کرم مومن کا دل ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2051]
37. اس بیان میں کہ رکھے ہوئے نام کو اس سے اچھے نام کے ساتھ بدل لینا جائز ہے۔
حدیث نمبر: 2052
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کا نام پہلے برہ (یعنی نیک اور صالحہ) تھا۔ لوگوں نے کہا کہ وہ اپنے نفس کی پاکی ظاہر کرتی ہیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کا نام زینب رکھ دیا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2052]
38. جس نے اپنے دوست کو پکارا اور اس کے نام میں کوئی حرف کم کر دیا تو یہ جائز ہے۔
حدیث نمبر: 2053
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ام سلیم سفر میں تھیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا غلام جس کا نام انجشہ تھا، اونٹ کو ہانک رہا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے انجش! شیشوں کو آہستہ آہستہ لے چل۔ (شیشوں سے مراد عورتیں ہیں یعنی اے انجش! ان عورتوں کے اونٹ آہستہ آہستہ ہانک۔) [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2053]
39. اللہ کے نزدیک سب سے برا کون سا نام ہے؟
حدیث نمبر: 2054
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت کے روز اللہ تعالیٰ کے سامنے سب سے برے نام کا وہ شخص ہو گا جس کا نام ملک الا ملاک ہو گا (یعنی شہنشاہ)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2054]
40. چھینکنے والا الحمدللہ کہے۔
حدیث نمبر: 2055
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس دو اشخاص کو چھینک آئی ایک کو تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب میں یرحمک اﷲ فرمایا اور دوسرے کو کچھ نہ فرمایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے تو یرحمک اﷲ فرمایا اور اسے نہ فرمایا، تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا: اس نے الحمدللہ کہا تھا اور اس نے نہیں کہا تھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2055]
41. اس بیان میں کہ چھینک اچھی ہے اور جمائی بری ہے۔
حدیث نمبر: 2056
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے۔ جب کسی کو چھینک آئے اور وہ شخص کہے الحمدللہ تو ہر مسلمان پر جس نے سنا واجب ہو گیا کہ یرحمک اﷲ کہے لیکن جمائی چونکہ شیطان کی طرف سے ہے تو اس لیے جہاں تک ہو سکے اس کو روکے کیونکہ اس کے جمائی لینے میں ہا کہنے سے شیطان ہنستا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 2056]

Previous    1    2    3    4    5