الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
لباس کے بیان میں
1. جو شخص ٹخنوں سے نیچا کپڑا رکھے وہ دوزخ میں سزا پائے گا۔
حدیث نمبر: 1984
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے ٹخنوں سے نیچے کپڑا رکھا (جیسے شلوار، پتلون، پاجامہ وغیرہ) تو وہ آگ میں جلے گا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1984]
2. دھاری دار چادر اور یمنی چادر اور شملہ پہننا۔
حدیث نمبر: 1985
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سب کپڑوں سے زیادہ پسند حبرہ یعنی یمنی چادر (پہننا) تھی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1985]
حدیث نمبر: 1986
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہو گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم بردیمانی (ایک یمنی چادر) میں ڈھکے ہوئے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1986]
3. سفید کپڑے پہننا جائز ہے۔
حدیث نمبر: 1987
سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سفید کپڑے پہنے ہوئے سو رہے تھے۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد گیا تو جاگ رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس وقت) یہ فرمایا: جس نے کلمہ لا الہٰ الا اللہ کہا اور اسی پر اس کا خاتمہ ہوا تو وہ ضرور جنت میں داخل ہو گا۔ میں نے کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو۔ میں نے دوبارہ کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو۔ میں نے تیسری مرتبہ کہا اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو۔ (اور) ابوذر کی ناک خاک آلود ہو۔ (یعنی اگرچہ ابوذر کو برا معلوم ہو)۔ اور جب سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ اس حدیث کو بیان کرتے تو (بطریق فخر) فرماتے ابوذر کی ناک خاک آلود ہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1987]
4. ریشمی کپڑے کا پہننا اور بچھانا مردوں کے لیے ناجائز ہے۔
حدیث نمبر: 1988
امیرالمؤمنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ریشمی کپڑے سے منع فرمایا ہے مگر اس قدر پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی شہادت کی اور درمیانی والی دونوں انگلیوں کو ملا کر دکھایا (یعنی بقدر دو انگلیوں کی چوڑان کے جائز ہے) وہ اس سے کپڑے کا حاشیہ یا بیل بوٹے مراد لے رہے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1988]
حدیث نمبر: 1989
امیرالمؤمنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے ہی روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے ریشمی لباس دنیا میں پہنا وہ آخرت میں نہ پہنے گا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1989]
5. ریشمی کپڑے کا (بستر) بچھانا۔
حدیث نمبر: 1990
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں منع فرمایا: سونے چاندی کی برتنوں میں ہم کھائیں پئیں، ریشمی کپڑا حریر اور دیباج وغیرہ پہنیں اور ان پر بیٹھیں (اور ان کو بستر بنائیں) [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1990]
6. زعفرانی رنگ مرد کو ناجائز ہے۔
حدیث نمبر: 1991
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مرد کو زعفرانی رنگ (کا کپڑا پہننے) سے منع فرمایا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1991]
7. صاف چمڑے کا یا بالوں والا جوتا پہننا۔
حدیث نمبر: 1992
سیدنا انس رضی اللہ عنہ ہی سے روایت ہے کہ ان سے پوچھا گیا کہ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جوتے سمیت نماز پڑھ لیتے تھے؟ تو انھوں نے جواب دیا: جی ہاں۔ (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جوتے سمیت نماز پڑھ لیتے تھے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1992]
حدیث نمبر: 1993
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ایک پاؤں میں جوتا پہن کر نہ چلے بلکہ چاہیے کہ دونوں جوتے پہنے یا دونوں اتار دے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1993]

1    2    3    Next