الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
تفسیر قرآن۔ تفسیر سورۃ النساء
1. اللہ کا یہ فرمان ”اگر تمہیں ڈر ہو کہ یتیم لڑکیوں سے نکاح کر کے تم انصاف نہ رکھ سکو گے تو“ (سورۃ النساء: 3)۔
حدیث نمبر: 1730
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے عروہ بن زبیر رضی اللہ عنہ نے اللہ تعالیٰ کے اس قول اگر تمہیں ڈر ہو کہ یتیم لڑکیوں سے نکاح کر کے تم انصاف نہ رکھ سکو گے کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ اے میرے بھانجے! اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک یتیم عورت اپنے والی کی پرورش میں ہو اور اس کے مال میں شریک ہو تو اس کے ولی کو اس کی مالداری اور خوبصورتی پسند آئے اور اس سے نکاح کرنا چاہیے اور اس کو مہر انصاف کے ساتھ (جتنا اس کو دوسرے لوگ دیں) نہ دینا چاہے تو اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں ایسے لوگوں کو ایسی یتیم لڑکیوں کے ساتھ کہ جب تک ان کا پورا مہر انصاف کے ساتھ نہ، دیں نکاح کرنے سے منع فرمایا ہے اور ان کو یہ حکم دیا گیا تو تم ان یتیم عورتوں کے سوا اور جو عورتیں تمہیں اچھی معلوم ہوں ان سے نکاح کر لو۔ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ چند آدمیوں نے اس آیت کے نازل ہونے کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ان عورتوں کے بارے میں فتویٰ لینا چاہا تو اللہ نے یہ آیت نازل کی آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) سے عورتوں کے بارے میں حکم دریافت کرتے ہیں (النساء: 127)۔ ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ دوسری آیت میں جو یہ فرمایا کہ یعنی وہ یتیم عورتیں جن کا مال اور جمال کم ہو اور تم ان کے ساتھ نکاح کرنے سے نفرت کرو تو اللہ کا یہ حکم ہوا کہ جو عورتیں یتیم ہیں اور ان کی طرف بوجہ قلت مال اور کم خوبصورتی کے رغبت نہیں کرتے تھے، اگر ان کے پاس کثیر مال ہو تو ان سے نکاح نہ کرو مگر اس صورت میں کہ ان کے مال اور مہر میں انصاف کرو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1730]
2. اللہ تعالیٰ کا قول ”اللہ تعالیٰ تمہیں تمہاری اولادوں کی بابت وصیت کرتا ہے“ (سورۃ النساء: 11)۔
حدیث نمبر: 1731
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ پیدل چلتے ہوئے بنی سلمہ کے محلہ میں میری عیادت کے لیے تشریف لائے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا کہ میں بیہوش پڑا ہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانی مانگا اور وضو کیا اور پھر پانی میرے اوپر چھڑکا تو مجھے ہوش آ گیا میں نے عرض کی کہ یا رسول اللہ! آپ کیا حکم فرماتے ہیں کہ میں اپنے مال کو کس طرح بانٹوں؟ تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ اللہ تعالیٰ تمہیں تمہاری اولادوں کی بابت وصیت کرتا ہے .... پوری آیت۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1731]
3. اللہ تعالیٰ کا قول ”بیشک اللہ ذرہ برابر بھی ظلم نہیں کرتا ....“ (سورۃ النساء: 40)۔
حدیث نمبر: 1732
سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے چند آدمیوں نے پوچھا کہ یا رسول اللہ! کیا قیامت کے دن ہم اپنے رب کو دیکھیں گے؟ .... اور پوری حدیث بیان کی جو کہ پہلے گزر چکی ہے (دیکھئیے کتاب: نماز کے مسائل۔۔۔ باب: سجدہ کرنے کی فضیلت۔۔۔) پھر کہا: جب قیامت کا دن ہو گا تو ایک پکارنے والا یوں پکارے گا کہ جو شخص جس چیز کی عبادت کرتا تھا اسی کے ساتھ چلا جائے۔ پس غیر اللہ کی عبادت کرنے والوں میں سے کوئی فرد باقی نہ رہے گا، سب اپنے معبودوں، بتوں اور تھان وغیرہ کے ساتھ دوزخ میں جا کر گر جائیں گے، یہاں تک کہ صرف وہی لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کی عبادت کرتے تھے۔ ان میں اچھے اور برے مسلمان لوگ ہوں گے اور اہل کتاب کے کچھ باقی رہ جانے والے لوگ۔ سب سے پہلے یہود بلائے جائیں گے اور ان سے کہا جائے گا کہ تم کس کی عبادت کرتے تھے؟ وہ کہیں گے کہ ہم عزیر (علیہ السلام) کی جو اللہ کا بیٹا ہے عبادت کرتے تھے۔ ان سے کہا جائے گا کہ تم نے جھوٹ کہا، اللہ نے اپنی بیوی اور بیٹا کسی کو نہیں بنایا۔ اب تم کیا چاہتے ہو؟ یہود کہیں گے کہ اے ہمارے رب! ہمیں پیاس لگی ہے، ہمیں پانی پلا۔ پھر ان کی طرف اشارہ کیا جائے گا، کیا تم دوزخ میں نہیں گر پڑتے؟ اسی وقت سب کے سب آگ کی طرف بیتاب ہو کر دوڑیں گے، گویا آگ پانی ہے (جو ان کی پیاس بجھا دے گی) اور آگ میں گر پڑیں گے۔ پھر نصاریٰ بلائے جائیں گے، اور ان سے بھی پوچھا جائے گا کہ تم کس کی عبادت کرتے تھے؟ وہ کہیں گے کہ ہم اللہ کے بیٹے مسیح کی عبادت کرتے تھے۔ کہا جائے گا تم نے جھوٹ کہا۔ اللہ کی کوئی بیوی اور کوئی بیٹا نہیں۔ پھر کہا جائے گا کہ اب تم کیا چاہتے ہو؟ وہ بھی ویسا ہی کہیں جیسا یہود نے کہا تھا اور ان کی طرح اس میں گر پڑیں گے یہاں تک کہ کوئی باقی نہ رہے گا مگر جو خالص اللہ کی عبادت کرتے تھے۔ نیک بندوں میں سے یا گنہگاروں میں سے، وہ رہ جائیں گے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ ایک صورت میں ظاہر ہو گا جو پہلی صورت سے جس کو وہ دیکھ چکے ہوں گے ملتی جلتی ہو گی لیکن وہ پہلی صورت نہ ہو گی اور ان سے کہا جائے گا تم کس کے انتظار میں کھڑے ہو؟ کیونکہ ہر امت اپنے معبود کے ساتھ لگی جا رہی ہے تو وہ کہیں گے کہ ہم دنیا میں تو، جب کہ ہمیں ان گمراہ کن لوگوں کی احتیاج تھی، ان سے جدا رہے اور ان کا ساتھ نہیں دیا، ہم تو اپنے سچے رب کے انتظار میں ہیں کہ جس کی ہم عبادت کرتے تھے۔ پس اللہ تعالیٰ کہے گا کہ میں ہی تمہارا (سچا) رب ہوں تو وہ کہیں گے کہ ہم کسی کو بھی اللہ کا شریک نہیں ٹھہراتے۔ یہ جملہ دو یا تین مرتبہ کہیں گے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1732]
4. اللہ تعالیٰ کا قول ”پس کیا حال ہو گا جس وقت کہ ہم ہر امت میں سے ایک گواہ لائیں گے“ (سورۃ النساء: 41)۔
حدیث نمبر: 1733
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: مجھے قرآن پڑھ کر سناؤ۔ میں نے عرض کی بھلا میں کیا سناؤں، قرآن تو آپ پر ہی اترا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے دوسرے سے سننا اچھا معلوم ہوتا ہے۔ تو میں نے سورۃ نساء پڑھنا شروع کی اور جب میں اس آیت پر پہنچا پس کیا حال ہو گا جس وقت کہ ہم ہر امت میں سے ایک گواہ لائیں گے۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بس کر۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1733]
5. اللہ تعالیٰ کا قول ”جو لوگ اپنی جانوں پر ظلم کرنے والے ہیں، جب فرشتے ان کی روح قبض کرتے ہیں تو پوچھتے ہیں کہ تم کس حال میں تھے ....“ (سورۃ النساء: 97)۔
حدیث نمبر: 1734
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں چند مسلمان مشرکوں کے ساتھ ہو گئے تاکہ ان کی جماعت بڑھ جائے اور پھر (لڑائی کے موقع پر) ایک تیر آتا تو ان میں سے کوئی مارا جاتا یا تلوار کی ضرب سے کوئی قتل کیا جاتا تو اس وقت یہ آیت نازل ہوئی: جو لوگ اپنی جانوں پر ظلم کرنے والے ہیں، جب فرشتے ان کی روح قبض کرتے ہیں تو پوچھتے ہیں کہ تم کس حال میں تھے ....۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1734]
6. اللہ تعالیٰ کا قول ”یقیناً ہم نے آپ کی طرف وحی کی ہے جیسے نوح (علیہ السلام) اور یونس، ہارون اور سلیمان کی طرف ....“ (سورۃ النساء: 163)۔
حدیث نمبر: 1735
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اپنے آپ کو یونس بن متی (پیغمبر علیہ السلام) سے اچھا کہے تو وہ جھوٹا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1735]