الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
شفعہ کے بیان میں
1. بیع ہونے سے قبل شفعہ کو شفعہ کا حق رکھنے والے پر پیش کرنا۔
حدیث نمبر: 1052
سیدنا ابورافع رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام سے روایت ہے کہ وہ فاتح ایران سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کے پاس آئے اور انھوں نے کہا کہ اے سعد! مجھ سے میرے وہ دونوں مکان جو آپ کے محلہ میں ہیں خرید لیجئیے۔ سیدنا سعد رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اللہ کی قسم! میں تو انھیں نہیں خریدوں گا۔ اس پر سیدنا مسور رضی اللہ عنہ (جن کو ابورافع رضی اللہ عنہ نے ہی کہا تھا کہ وہ اس معاملے میں میری مدد کریں) نے کہا کہ اللہ کی قسم! وہ تمہیں خریدنا ہو گا۔ تو سعد رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اللہ کی قسم میں! تمہیں چار ہزار درہم سے زیادہ نہیں دوں گا اور وہ بھی قسط وار۔ سیدنا ابورافع رضی اللہ عنہ نے کہا کہ مجھے تو پانچ سو اشرفیاں ان دونوں کے عوض ملتی ہیں اور اگر میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے نہ سنا ہوتا کہ پڑوسی اپنے قرب کی وجہ سے زیادہ مستحق ہے تو آپ کو چار ہزار درہم میں نہ دیتا کیونکہ مجھ کو پانچ سو اشرفیاں ان دونوں کے عوض مل رہی ہیں۔ پس وہ دونوں مکان انھوں نے سیدنا سعد رضی اللہ عنہ کو دے دیے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1052]
2. کون سا پڑوسی شفعہ کا زیادہ حقدار ہے؟
حدیث نمبر: 1053
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے عرض کی کہ یا رسول اللہ! میرے دو پڑوسی ہیں، میں ان میں سے پہلے تحفہ تحائف کس کو بھیجا کروں؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس کا دروازہ تم سے زیادہ قریب ہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1053]