الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
خریدوفروخت کے بیان میں
53. سور کو قتل کرنا۔
حدیث نمبر: 1044
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قسم اس کو جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ عنقریب لوگوں میں عیسیٰ ابن مریم علیہ السلام اتریں گے۔ وہ ایک باانصاف حاکم ہوں گے۔ صلیب کو توڑ ڈالیں گے اور سور کو قتل کر دیں گے اور جزیہ موقوف کر دیں گے اور مال و دولت کی اتنی ریل پیل ہو گی کہ کوئی اس کو قبول نہ کرے گا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1044]
54. ان چیزوں کی تصویروں کو فروخت کرنا جن میں جان نہیں ہے اور اس میں کیا بات مکروہ ہے؟
حدیث نمبر: 1045
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ان کے پاس ایک شخص آیا اور اس نے کہا کہ اے ابوالعباس (یہ ان کی کنیت تھی)! میں ایک ایسا آدمی ہوں کہ میری روزی میرے ہی ہاتھ کے کام پر ہے اور میں یہ تصویریں بنایا کرتا ہوں۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ میں تجھ سے وہی بیان کروں گا جو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے اور وہ یہ کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص تصویر بنائے گا تو اللہ تعالیٰ اس پر عذاب کرے گا یہاں تک کہ وہ اس میں جان ڈال دے اور وہ اس میں کبھی جان نہیں ڈال سکتا۔ یہ سن کر اس شخص نے بہت ٹھنڈے سانس لیے اور وہ اس کا چہرہ زرد ہو گیا۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ تیری خرابی ہو، اگر تو خواہ مخواہ اس کام کو کرنا چاہتا ہے تو اس درخت کی یا ان چیزوں کی تصویر جن میں جان نہیں ہوتی بنا لیا کر۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1045]
55. اس شخص کے گناہ کا بیان جو آزاد آدمی کو فروخت کر دے۔
حدیث نمبر: 1046
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تین شخص ایسے ہیں کہ قیامت کے دن میں ان کا دشمن ہوں گا: (1) وہ شخص جو میرا نام لے کر عہد کرے مگر پھر اس کے خلاف کرے (2) وہ شخص جو کسی آزاد آدمی کو فروخت کر کے اس کی قیمت کھا جائے (3) وہ شخص جو کسی مزدور کو اجرت پر لے کر اس سے پورا کام کرائے اور پھر مزدوری نہ دے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1046]
56. مردہ جانور اور بتوں کی خرید فروخت کیسی ہے؟
حدیث نمبر: 1047
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انھوں نے فتح مکہ کے سال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: بیشک اللہ نے اور اس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے شراب، مردہ جانور اور بتوں کو فروخت کرنا حرام کر دیا ہے۔ لوگوں نے عرض کی کہ یا رسول اللہ: مردہ جانور کی چربی کے بارے میں آپ کیا ارشاد فرماتے ہیں۔ اس لیے کہ وہ کشتیوں میں لگائی جاتی ہے اور بھی حرام ہے۔ اس کے بعد اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ یہود کو غارت کرے جب اللہ نے چربی ان پر حرام کر دی تو انھوں نے چربی کو پگھلا کر فروخت کیا اور اس کی قیمت کھا گئے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1047]
57. کتے کی قیمت (وصول کرنا کیسا ہے؟)
حدیث نمبر: 1048
سیدنا ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتے کی قیمت، زنا کی اجرت اور کہانت کی اجرت لینے سے منع فرمایا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1048]

Previous    3    4    5    6    7