الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
خریدوفروخت کے بیان میں
27. ناپ تول کرنا بیچنے والے اور دینے والے پر ہے۔
حدیث نمبر: 1014
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب (میرے والد) عبداللہ بن عمرو بن حرام رضی اللہ عنہ شہید ہوئے تو ان پر کچھ قرض تھا چنانچہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے درخواست کی تاکہ وہ کچھ قرضہ معاف کروا دیں۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں سے اس بات کی خواہش ظاہر فرمائی مگر انھوں نے منظور نہ کیا تو مجھ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم جاؤ اور اپنی کھجوروں کی قسمیں علیحدہ علیحدہ کر لو۔ عجوہ علیحدہ اور عذق زید علیحدہ، اس کے بعد مجھے بلوا لینا۔ چنانچہ میں نے ایسا ہی کیا اور اس کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بلوا لیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور کھجوروں کے اوپر یا ان کے درمیان بیٹھ گئے۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اب تم قرض خواہوں کو ناپ ناپ کر دو۔ چنانچہ میں نے ناپ ناپ کر ان کو دینا شروع کیا یہاں تک کہ جس قدر قرضہ تھا وہ سب میں نے ادا کر دیا اور میری کھجوریں اسی طرح باقی تھیں کہ گویا ان سے کچھ کم ہوئی ہی نہیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1014]
28. اناج کا ناپ لینا مستحب ہے۔
حدیث نمبر: 1015
سیدنا مقدام بن معدی کرب رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اپنے غلہ کو ناپ لیا کرو تمہارے لیے اس میں برکت ہو گی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1015]
29. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صاع اور مد کی برکت کا بیان۔
حدیث نمبر: 1016
سیدنا عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ابراہیم علیہ السلام نے مکہ کر حرم قرار دیا تھا اور اس کے لیے برکت کی دعا کی اور میں نے مدینہ کو حرم قرار دیا ہے، جس طرح ابراہیم علیہ السلام نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا اور میں نے مدینہ کے مد اور صاع میں برکت کی دعا کی جس طرح ابراہیم علیہ السلام نے مکہ کے لیے دعا کی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1016]
30. غلہ فروخت اور ذخیرہ کرنے کے بارے میں کیا بیان کیا جاتا ہے؟
حدیث نمبر: 1017
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جو لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں غلہ کو ناپ تول کے بغیر فروخت کرتے تھے، میں نے دیکھا کہ ان کو مارا جاتا تھا اس لیے کہ جب تک وہ اس (غلہ و اناج) کو اپنے گھروں (گوداموں اور دوسرے ٹھکانوں) میں نہ لے جائیں تب تک فروخت نہ کریں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1017]
حدیث نمبر: 1018
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات سے منع فرمایا ہے کہ کوئی شخص غلہ کی فروخت کرے قبل اس کے کہ اس پر قبضہ کیا ہو (یعنی اس کے اسٹور، دکان، گودام وغیرہ میں نہ پہنچ جائے)۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے پوچھا گیا کہ یہ (ممانعت) کس وجہ سے ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ یہ تو روپے کو روپے کے عوض بیچنا ہے کیونکہ غلہ تو اس وقت نہیں دیا جاتا (جب تک وہ اپنے اسٹور، گودام یا دکان وغیرہ میں نہ آ جائے)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1018]
حدیث نمبر: 1019
امیرالمؤمنین عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے خبر دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سونا، سونے کے عوض، گندم، گندم کے عوض، کھجور، کھجور کے عوض اور جو، جو کے عوض فروخت کرنا سود ہے مگر برابر برابر اور ہاتھوں ہاتھ ہو تو درست ہے۔ (یاد رہے کہ 24 قیراط سونا 22 قیراط کے عوض برابر وزن میں فروخت کرنا بھی سود ہے) [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1019]
31. اپنے مسلمان بھائی کی بیع پر بیع نہیں کرنا چاہیے اور نہ اپنے بھائی کی قیمت پر قیمت لگانا چاہیے یہاں تک کہ وہ بھائی اسے اجازت دیدے یا اس بیع کو چھوڑ دے۔
حدیث نمبر: 1020
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ کوئی شہری کسی بدوی (بیرونی) آدمی کا مال و اسباب فروخت کرے اور مال فروخت کرنے والے کو خریدنے والے کی قیمت سے زیادہ قیمت بھی نہ بتائے تاکہ وہ فروخت نہ کرے حالانکہ اسے خود نہیں خریدنا۔ اور کوئی شخص اپنے بھائی کی بیع پر بیع نہ کرے اور اپنے بھائی کی منگنی ہو جانے کے بعد اسی عورت سے اپنی منگنی کا پیغام نہ بھجوائے اور نہ کوئی عورت اپنی (سوتن مسلمان) بہن کو طلاق دلوائے اس نیت سے کہ اس کے منہ کا نوالہ اپنے منہ میں پڑ جائے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1020]
32. نیلام کی بیع (کا بیان)۔
حدیث نمبر: 1021
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے اپنے غلام کو اپنے مرنے کے بعد آزاد کرنے کا اعلان کیا مگر وہ خود مفلس ہو گیا اور اسے پیسوں کی ضرورت پیش آئی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا غلام کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا: اس غلام کو مجھ سے کون خریدتا ہے؟ چنانچہ نعیم بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے اسے اتنے اتنے داموں میں خرید لیا۔ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ قیمت اس کے مالک کو دے دی۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1021]
33. دھوکے کی بیع اور بیع حبل الحبلہ (حاملہ اونٹنی کے حمل کی بیع) (کا بیان)۔
حدیث نمبر: 1022
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیع حبل الحبلہ سے منع فرمایا ہے یہ بیع دور جاہلیت میں اس طرح رائج تھی کہ ایک شخص ایک اونٹنی خریدتا اور قیمت دینے کی میعاد یہ مقرر کرتا کہ یہ اونٹنی جنے پھر اس کے پیٹ کی اونٹنی بڑی ہو کر جنے (تب قیمت دوں گا) [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1022]
34. اونٹنی گائے، بکری یا اور کسی جانور کے تھنوں میں دودھ جمع رکھ کر اس کو فروخت کرنا۔
حدیث نمبر: 1023
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص ایسی بکری خریدے جس کے تھن میں دودھ روکا گیا تھا، تو اس نے بکری کا دودھ دوہا۔ اگر تو خوش ہو تو اسے رکھ لے اور اگر ناراض ہو تو (اسے واپس کر دے) اور دودھ کے عوض ایک صاع کھجور دے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 1023]

Previous    1    2    3    4    5    6    7    Next