الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
روزے کے بیان میں
42. ایام تشریق میں روزہ رکھنا کیسا ہے؟
حدیث نمبر: 969
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور سیدنا عمر عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ان دونوں نے کہا کہ ایام تشریق میں روزہ رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی مگر اس شخص کو جس کے پاس قربانی نہ ہو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 969]
43. عاشورہ کے دن روزہ رکھنا کیسا ہے؟
حدیث نمبر: 970
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ دور جاہلیت میں قریش عاشورہ کے دن روزہ رکھا کرتے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس دن کا روزہ رکھتے تھے پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف فرما ہوئے تب بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ روزہ رکھا اور لوگوں کو بھی اس کا حکم دیا۔ پھر جب رمضان کے روزے فرض ہوئے تو عاشورے کا روزہ چھوڑ دیا جس کا جی چاہا اس نے عاشورے کا روزہ رکھا لیا اور جس نے چاہا اس نے نہ رکھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 970]
حدیث نمبر: 971
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہودیوں کو دیکھا کہ وہ عاشورے کے دن روزہ رکھتے ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا کہ: یہ کیا (وجہ ہے کہ تم عاشورے کا روزہ رکھتے ہو؟)۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک عمدہ دن ہے، یہ وہ دن ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو ان کے دشمن سے نجات دی تھی لہٰذا موسیٰ علیہ السلام اس دن روزہ رکھتے تھے۔ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں تم سے زیادہ موسیٰ علیہ السلام کا حقدار ہوں۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن کا روزہ رکھا اور اس کے رکھنے کا حکم دیا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 971]

Previous    2    3    4    5    6