الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
سجدہ تلاوت کا بیان
1. سجود قرآن اور اس کے طریقے کے بارے میں کیا وارد ہوا ہے؟
حدیث نمبر: 569
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ میں سورۃ النجم پڑھی اور اس میں سجدہ کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ سب لوگوں نے سجدہ کیا سوائے ایک بوڑھے کے، اس نے ایک مٹھی کنکریاں یا مٹی لے لی اور اسے اپنی پیشانی تک اٹھایا اور کہا مجھے یہی کافی ہے تو میں نے اس کو آخر میں دیکھا کہ بحالت کفر قتل کر دیا گیا (اسلام نصیب نہ ہوا)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 569]
2. سورۃ ص میں سجدہ کرنا ثابت ہے۔
حدیث نمبر: 570
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ سورۃ ص کا سجدہ ضروری سجدوں میں نہیں ہے اور بیشک میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اس میں سجدہ کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 570]
3. مسلمانوں کا مشرکوں کے ساتھ سجدہ کرنا حالانکہ مشرک نجس اور بےوضو ہوتا ہے۔
حدیث نمبر: 571
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (سورۃ) النجم کا سجدہ کیا۔ قریب ہی ابن مسعود رضی اللہ عنہما کی روایت گزر چکی ہے (دیکھئیے باب: سجود قرآن اور اس کے طریقے کے بارے میں کیا وارد ہوا ہے؟) اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ (اس وقت) مسلمانوں اور مشرکوں نے اور جن و انس (سب) نے سجدہ کیا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 571]
4. جس نے آیت سجدہ پڑھی اور سجدہ نہ کیا۔
حدیث نمبر: 572
سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے سورۃ النجم پڑھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں سجدہ نہیں کیا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 572]
5. سورۃ اذا السّمآء انشقّت میں بھی سجدہ کرنا ثابت ہے۔
حدیث نمبر: 573
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے سورۃ ((اذا السّمآء انشقّت)) پڑھی اور اس میں سجدہ کیا تو ان سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اگر میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سجدہ کرتے نہ دیکھا ہوتا تو میں سجدہ نہ کرتا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 573]
6. جو شخص ہجوم کی وجہ سے سجدہ تلاوت کی جگہ نہ پائے۔
حدیث نمبر: 574
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے سامنے وہ سورت پڑھتے تھے جس میں سجدہ ہوتا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدہ کرتے تھے اور ہم (بھی اس وقت) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سجدہ کرتے تھے، پس ہم بہت ہجوم کر دیتے تھے، یہاں تک کہ ہم میں سے بعض اپنی پیشانی رکھنے کی جگہ نہ پاتے تھے کہ جہاں وہ سجدہ کریں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 574]