الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
اذان کا بیان
19. نماز باجماعت کی فضیلت۔
حدیث نمبر: 390
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جماعت کی نماز تنہا نماز پر ستائیس درجہ (ثواب میں) زیادہ ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 390]
20. فجر کی نماز باجماعت پڑھنے کی فضیلت (کا بیان)۔
حدیث نمبر: 391
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا: جماعت کی نماز تم میں سے کسی کی تنہا نماز سے پچیس درجے (ثواب میں) زیادہ ہے اور رات کے فرشتے اور دن کے فرشتے فجر کی نماز میں یکجا ہوتے ہیں۔ اس کے بعد سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہا کرتے تھے کہ اگر تم چاہو تو یہ آیت پڑھو: یقیناً فجر کے وقت کا قرآن پڑھنا حاضر کیا گیا ہے، (یعنی فرشتے حاضر ہوتے ہیں)۔ (بنی اسرائیل: 78) [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 391]
حدیث نمبر: 392
سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سب لوگوں سے باعتبار ثواب نماز کے زیادہ وہی لوگ ہیں جن کی مسافت (مسجد سے) دور ہے، پھر جن کی ان سے دور ہے اور وہ شخص جو نماز کا منتظر رہے حتیٰ کہ اس کو امام کے ہمراہ پڑھے، باعتبار ثواب کے اس سے زیادہ ہے (جو جلدی سے) نماز پڑھ کے سو جاتا ہے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 392]
21. ظہر کی نماز اول وقت پڑھنے کی فضیلت (کا بیان)۔
حدیث نمبر: 393
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایک شخص کسی راستے پر چلا جا رہا تھا کہ اس نے راستے میں کانٹوں کی ایک شاخ (پڑی ہوئی) دیکھی تو اس کو ہٹا دیا۔ پس اللہ تعالیٰ نے اس کا ثواب اسے یہ دیا کہ اس کو معاف کر دیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ شہید پانچ لوگ ہیں جو طاعون میں مرے اور جو پیٹ کے مرض میں مرے اور جو ڈوب کر مرے اور جو دب کر مرے اور جو اللہ کی راہ میں شہید ہو۔ باقی حدیث گزر چکی ہے (دیکھئیے کتاب: اذان کا بیان۔۔۔ باب: اذان کے بارہ میں قرعہ ڈالنا۔۔۔)۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 393]
22. (مسجد جاتے وقت) ہر ہر قدم کا ثواب (ملتا ہے)۔
حدیث نمبر: 394
سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ بنی سلمہ نے یہ چاہا کہ اپنے مکانوں سے اٹھ کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب کہیں قیام کریں تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات کو برا سمجھا کہ مدینہ کو ویران کر دیں، پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے بنی سلمہ! کیا تم اپنے قدموں (سے چل کر مسجد میں آنے) میں ثواب نہیں سمجھتے؟ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 394]
23. عشاء کی نماز باجماعت پڑھنے کی فضیلت۔
حدیث نمبر: 395
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی نماز منافقوں پر فجر اور عشاء کی نماز سے زیادہ گراں نہیں گزرتی اور اگر وہ یہ جان لیں کہ ان دونوں (کے وقت پر پڑھنے) میں کیا (ثواب) ہے تو ضرور ان میں آئیں اگرچہ گھٹنوں کے بل (چل کر) آنا پڑے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 395]
24. مسجد میں نماز کے انتظار میں بیٹھنے اور مسجدوں کی فضیلت۔
حدیث نمبر: 396
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سات (قسم کے) آدمیوں کو اللہ اپنے سائے میں جگہ دے گا کہ جس دن سوائے اللہ کے سائے کے اور کوئی سایہ نہ ہو گا۔ (1) عادل حاکم اور (2) وہ نوجوان جو اپنے پروردگار کی عبادت میں (بچپن سے) بڑا ہوا ہو (3) وہ شخص جس کا دل مسجدوں میں لگا رہتا ہو (4) وہ دو اشخاص جو باہم صرف اللہ کے لیے دوستی کریں، جب جمع ہوں تو اسی کے لیے اور جب جدا ہوں تو اسی کے لیے (5) وہ شخص جس کو کوئی منصب اور جمال والی عورت (زنا کے لیے) بلائے وہ یہ کہہ دے کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں (اس لیے نہیں آ سکتا) (6) وہ شخص جو چھپا کر صدقہ دے یہاں تک کہ اس کے بائیں ہاتھ کو بھی نہ معلوم ہو کہ اس کا داہنا ہاتھ کیا خرچ کرتا ہے۔ (7) وہ شخص جو خلوت میں اللہ کو یاد کرے اور اس کی آنکھیں (آنسوؤں سے) تر ہو جائیں۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 396]
25. صبح شام دونوں وقت مسجد جانے کی فضیلت۔
حدیث نمبر: 397
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص صبح شام (دونوں وقت) مسجد میں جائے، اللہ اس کے لیے جنت سے اس کی مہمانی مہیا کرے گا جب بھی صبح و شام کو جائے گا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 397]
26. نماز کی اقامت کے بعد سوائے فرض نماز کے اور کوئی نماز نہیں پڑھنا چاہیے۔
حدیث نمبر: 398
سیدنا عبداللہ بن مالک بن بحینہ رضی اللہ عنہ سے جو کہ قبیلہ ازد سے تعلق رکھتے تھے، روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دو (2) رکعت نماز پڑھتے دیکھا حالانکہ اقامت ہو چکی تھی پس جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فارغ ہوئے تو لوگ اس شخص کے گرد جمع ہو گئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص سے فرمایا: کیا صبح کی چار رکعتیں ہیں، کیا صبح کی چار رکعتیں ہیں؟ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 398]
27. مریض کو کتنی بیماری تک جماعت میں حاضر ہونا چاہیے؟
حدیث نمبر: 399
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اس مرض میں جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات پائی، مبتلا ہوئے اور نماز کا وقت آیا اور اذان ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ابوبکر (رضی اللہ عنہ) سے کہہ دو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھا دیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کی گئی (عائشہ رضی اللہ عنہا نے خود عرض کی) کہ ابوبکر رضی اللہ عنہ نرم دل آدمی ہیں تو جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی جگہ پر کھڑے ہوں گے تو (شدت غم سے) وہ نماز نہ پڑھا سکیں گے۔ دوبارہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا لیکن پھر وہی عرض کی گئی۔ تیسری بار آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر حکم فرمایا اور فرمایا: تم تو یوسف علیہ السلام کی ہم نشین عورتوں کی طرح ہو؟ ابوبکر رضی اللہ عنہ سے کہو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھا دیں۔ چنانچہ (کہہ دیا گیا اور) ابوبکر رضی اللہ عنہ نماز پڑھانے چلے گئے پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے آپ میں کچھ افاقہ محسوس کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم دو آدمیوں کے درمیان سہارا لے کر نکلے گویا کہ میں (اب بھی) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دونوں پاؤں کی طرف دیکھ رہی ہوں کہ بہ سبب (ضعف) مرض کے زمین پر گھسٹتے ہوئے جاتے تھے۔ پس سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے چاہا کہ پیچھے ہٹ جائیں تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں اشارہ کیا کہ تم اپنی جگہ پر رہو۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم لائے گئے یہاں تک کہ ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے پہلو میں بیٹھ گئے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھتے تھے اور ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کی اقتداء کرتے تھے اور لوگ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی نماز کی اقتداء کرتے تھے۔ ایک روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی بائیں جانب بیٹھ گئے اور ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کھڑے ہوئے نماز پڑھتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 399]

Previous    1    2    3    4    5    6    Next