الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    


مختصر صحيح بخاري کل احادیث (2230)
حدیث نمبر سے تلاش:

مختصر صحيح بخاري
حیض کا بیان
9. عورت کا اپنے بدن کو ملنا جب کہ وہ حیض سے پاک ہو جائے۔
حدیث نمبر: 213
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے (روایت ہے کہ) ایک عورت نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنے غسل حیض کی بابت پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے حکم دیا: اس طرح غسل کر لے۔ فرمایا: ایک کستوری لگا ہوا روئی کا ٹکڑا لے اور اس سے طہارت حاصل کر لے۔ اس نے عرض کی اس سے کس طرح طہارت حاصل کروں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سبحان اللہ! .... طہارت حاصل کر لے۔ (ام المؤمنین کہتی ہیں) تو میں نے اس عورت کو اپنی طرف کھینچ لیا اور کہا کہ اسے خون کے مقام (شرمگاہ) پر لگا لے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 213]
10. عورت کا اپنے غسل حیض (کے وقت) کنگھی کرنا (ثابت ہے)۔
حدیث نمبر: 214
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ حجتہ الوداع میں احرام باندھا، میں ان لوگوں میں شامل تھی جنہوں نے (حج) تمتع (کا ارادہ) کیا تھا اور قربانی کا جانور اپنے ہمراہ نہ لائے تھے۔ پھر انھوں نے کہا کہ وہ حائضہ ہو گئیں اور شب عرفہ تک پاک نہ ہوئیں، تب انھوں نے عرض کی کہ یا رسول اللہ! یہ عرفہ کے دن کی رات ہے اور میں نے عمرہ کے ساتھ تمتع کیا تھا تو رسول اللہ نے ان سے فرمایا: تم اپنا سر (احرام) کھول دو اور کنگھی کرو اور اپنے عمرہ سے رکی رہو (اور حج کر لو)۔ چنانچہ میں نے (ایسا ہی) کیا پس جب میں حج کر چکی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عبدالرحمن (بن ابی بکر رضی اللہ عنہ) کو حصبہ کی رات میں حکم دیا اور وہ میرے اس عمرہ کے بدلے جس کا میں نے احرام باندھا تھا، لیکن کیا نہیں تھا، مجھے تنعیم سے عمرہ کروا لائے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 214]
11. غسل حیض کے وقت عورت کو اپنے بالوں کو کھول دینا۔
حدیث نمبر: 215
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ہم لوگ ذی الحجہ کے چاند کے قریب (حج کو) نکلے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر میں ہدی (قربانی کا جانور) نہ لایا ہوتا تو عمرہ کا احرام باندھتا۔ پس بعض نے تو عمرہ (حج تمتع) کا احرام باندھا اور بعض لوگوں نے حج (قران) کا احرام باندھا، اور میں ان لوگوں میں سے تھی، جنہوں نے عمرہ کا احرام باندھا تھا، پس عرفہ کا دن میرے اوپر اس حال میں آیا کہ میں حائضہ تھی، تو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی شکایت کی تو آپ نے فرمایا: اپنے عمرہ کو (چندے) موقوف رکھو اور اپنا سر (بال) کھول دو اور کنگھی کرو اور حج کا احرام باندھ لو۔ (چنانچہ میں نے ایسا ہی کیا) یہاں تک کہ جب حصبہ کی رات آئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے بھائی عبدالرحمن بن ابوبکر رضی اللہ عنہ کو میرے ہمراہ کر دیا چنانچہ میں تنعیم تک گئی اور میں نے اپنے (فوت شدہ) عمرہ کے عوض (نئے سرے سے) عمرہ کا احرام باندھا۔ (ہشام راوی کہتے ہیں کہ) ان میں سے کسی بات میں نہ قربانی دینا پڑی اور نہ روزہ رکھنا پڑا اور نہ صدقہ دینا پڑا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 215]
12. حائضہ عورت نماز کی قضاء نہ کرے۔
حدیث نمبر: 216
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے کسی عورت نے پوچھا کہ کیا ہم میں سے کوئی حیض سے پاک ہو کر اپنی نماز کی قضاء پڑھے گی؟ تو عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ کیا تو حروریہ ہے؟ یقیناً (جب) ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ (رہتے اور) حائضہ ہوتے تھے مگر آپ ہمیں نماز (کی قضاء پڑھنے) کا حکم نہ دیتے تھے یا (ام المؤمنین نے) کہا کہ ہم (ایسا نہ کرتے یعنی) قضاء نہ پڑھتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 216]
13. حائضہ عورت کے ہمراہ اس حال میں سونا کہ وہ حیض کے لباس میں ہو۔
حدیث نمبر: 217
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا نے حیض کی حدیث بیان کی اور کہا کہ مجھے اس حالت میں حیض آ گیا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ چادر میں (لپٹی ہوئی) تھی (تفصیل کے لیے دیکھئیے باب: خاوند کا اپنی بیوی کی گود میں (سر رکھ کر) اس حال میں کہ وہ حائضہ ہو، قرآن کی تلاوت کرنا) یہاں اتنا زیادہ بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مجھے بوسے دیتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم روزہ دار ہوتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 217]
14. حائضہ عورت کا عیدین کی نماز میں حاضر ہونا۔
حدیث نمبر: 218
سیدہ ام عطیہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جوان عورتیں اور پردہ نشین اور حائضہ عورتیں باہر نکلیں اور (مجالس) خیر میں اور مسلمانوں کی دعا میں حاضر ہوں اور حائضہ عورتیں نماز کی جگہ سے علیحدہ رہیں۔ پوچھا گیا کیا حائضہ عورتیں (بھی شریک ہوں)؟ تو سیدہ ام عطیہ بولیں کیا حائضہ عورتیں عرفہ میں فلاں فلاں کام میں حاضر نہیں ہوتیں؟ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 218]
15. غیر زمانہ حیض میں زردی اور مٹیالے رنگ کا (سیال مادہ) دیکھنا (حیض میں شمار نہیں ہوتا)۔
حدیث نمبر: 219
سیدہ ام عطیہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ہم مٹیالے پن کو اور زردی کو (حیض میں) شمار نہیں کرتے تھے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 219]
16. عورت (طواف) افاضہ کے بعد حائضہ ہو جائے (تو کیا حکم ہے؟)۔
حدیث نمبر: 220
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا کہ یا رسول اللہ! صفیہ بنت حی حائضہ ہو گئی ہیں، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شاید وہ ہمیں روکیں گی؟ کیا انھوں نے تم لوگوں کے ہمراہ طواف نہیں کیا؟ تو لوگوں نے کہا کہ ہاں (کیا تھا) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پھر (کچھ حرج نہیں) چلو۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 220]
17. نفاس والی عورت (کے جنازہ) پر نماز پڑھنا اور اس کا طریقہ۔
حدیث نمبر: 221
سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک عورت زچگی سے مر گئی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر نماز پڑھی اور اس کے درمیان (کی سیدھ میں) کھڑے ہوئے۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 221]
18. ((باب))
حدیث نمبر: 222
ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ وہ حائضہ ہوتی تھیں تو نماز نہ پڑھتی تھیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز پڑھنے کی جگہ کے سامنے برابر لیٹی ہوتی تھیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی چادر پر نماز پڑھتے، جب سجدہ کرتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا کچھ کپڑا مجھ سے لگ جاتا تھا۔ [مختصر صحيح بخاري/حدیث: 222]

Previous    1    2