1294. گھروں میں کتا رکھنا منع ہے۔ گھروں میں تصویر رکھنا منع ہے
حدیث نمبر: 1933
-" أتاني جبريل عليه السلام فقال: إني كنت أتيتك الليلة فلم يمنعني أن أدخل عليك البيت الذي أنت فيه إلا أنه كان في البيت تمثال رجل وكان في البيت قرام ستر فيه تماثيل فمر برأس التمثال يقطع فيصير كهيئة الشجرة ومر بالستر يقطع وفي رواية: إن في البيت سترا في الحائط فيه تماثيل، فاقطعوا رءوسها فاجعلوها بساطا أو وسائد فأوطئوه، فإنا لا ندخل بيتا فيه تماثيل. فيجعل منه وسادتان توطآن ومر بالكلب فيخرج. ففعل رسول الله صلى الله عليه وسلم وإذا الكلب جرو كان للحسن والحسين عليهما السلام تحت نضد لهما. قال: ومازال يوصيني بالجار حتى ظننت أو رأيت أنه سيورثه".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” میرے پاس جبریل علیہ السلام آئے اور کہا: میں رات کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو (ملنے کے لیے) آیا تھا، جس گھر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم تھے، اس میں داخل ہونے سے روکنے والی چیز یہ تھی کہ گھر میں ایک مرد کی تصویر تھی اور گھر میں ایک اور نقشیں پردہ تھا، اس میں بھی تصویریں تھیں۔ آپ حکم دیں کہ تصویر کا سر کاٹ دیا جائے، تاکہ وہ درخت کی مانند ہو جائے اور پردے کے بارے میں حکم دیں کہ اسے بھی کاٹ دیا جائے۔“ ایک روایت میں ہے: ”گھر میں ایک دیوار کے ساتھ پردہ لٹکا ہوا ہے، اس میں تصاویر ہیں، ان کے سروں کو کاٹ دو اور اس کے بچھونے یا تکیے بنا لو اور ان کو روندواؤ، کیونکہ ہم اس گھر میں داخل نہیں ہوتے، جس میں تصویر ہو۔“ ایک روایت میں ہے: ”اس پردے کے دو ایسے تکیے بنا لیے جائیں، جن کو روندا جائے اور کتے کے بارے حکم دیں کہ اس کو نکال دیا جائے۔“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے ہی کیا، واقعی آپ کے گھر میں کتے کا پلّا تھا، جو حسن و حسین علیہما السلام کا تھا اور ان کے سامان کے بنڈل کے نیچے پڑا ہوا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جبریل مجھے پڑوسی (کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی) وصیت کرتے رہے، یہاں تک کہ مجھے یہ خیال آنے لگا کہ وہ ان کو میرا وارث بنا دے گا۔“[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1933]
1295. اگر تصویر کا سر کاٹ دیا جائے تو . . .
حدیث نمبر: 1934
-" الصورة الرأس، فإذا قطع الرأس، فلا صورة".
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تصویر (کا تعلق) سر سے ہے، اگر سر کاٹ دیا جائے تو تصویر (کا حکم) نہیں رہتا۔“[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1934]
1296. اللہ تعالیٰ کے گھروں میں تصاویر بنانا یا رکھنا حرام ہے
حدیث نمبر: 1935
-" قاتل الله قوما يصورون ما لا يخلقون".
سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کعبہ میں گیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تصویریں دیکھیں اور پانی کا ایک ڈول منگوایا۔ میں لے کر آیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو مٹانا شروع کر دیا اور فرمانے لگے: ” اللہ تعالیٰ اس قوم کو ہلاک کرے جو ان چیزوں کی تصویریں بناتے ہیں، جن کو وہ پیدا نہیں کر سکتے۔“[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1935]
حدیث نمبر: 1936
- (كان في الكعبة صورٌ، فأمَرَ عمر بن الخطاب أنْ يمحوَها، فَبَلَّ عمرُ ثوباً ومحاها به، فدخلها - صلى الله عليه وسلم - وما فيها من شيءٍ).
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: کعبہ میں کچھ تصاویر تھیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کو حکم دیا کہ وہ ان کو مٹا دیں۔ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے ایک کپڑا گیلا کیا اور ان کو مٹا دیا۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کعبہ میں داخل ہوئے تو اس میں کوئی (تصویر) نہیں تھی۔ [سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1936]
1297. جوتے پہننے کے آداب
حدیث نمبر: 1937
-" أحفهما جميعا أو أنعلهما جميعا، فإذا لبست فابدأ باليمنى وإذا خلعت فابدأ باليسرى".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ دونوں (جوتے) اتار دو یا دونوں پہن لو اور جب جوتا پہنو تو دائیں پاؤں سے ابتدا کرو اور جب اتارو تو بائیں پاؤں سے ابتدا کرو۔“[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1937]
حدیث نمبر: 1938
-" إذا لبست نعليك فابدأ باليمنى وإذا خلعت فابدأ باليسرى وليكن اليمنى أول ما تنتعل، واليسرى آخر ما تحفى، ولا تمش في نعل واحد، اخلعهما جميعا أو البسهما جميعا".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم جوتا پہنو تو دائیں پاؤں سے اور جب اتارو تو بائیں پاؤں سے ابتدا کیا کرو، یعنی جوتا پہنتے وقت دائیں پاؤں میں پہلے پہنا جائے اور اتارے وقت بائیں پاؤں سے آخر میں اتارا جائے اور تم ایک جوتا پہن کر نہ چلا کرو، بلکہ دونوں اتار لیا کرو یا پھر دونوں پہن لیا کرو۔“[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1938]
حدیث نمبر: 1939
-" نهى أن ينتعل الرجل قائما".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا کہ آدمی کھڑے ہو کر جوتا پہنے۔ [سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1939]
1298. سر کی حجامت کے آداب
حدیث نمبر: 1940
-" احلقوه كله أو اتركوه كله".
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک بچہ دیکھا، اس کے بعض بال منڈوائے ہوئے اور بعض چھوڑے ہوئے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو ایسا کرنے سے منع کیا اور فرمایا: ”سر کے سارے بال منڈوا دیا کرو یا پھر سارے چھوڑ دیا کرو۔“[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1940]
1299. سرمہ ڈالنے کے آداب
حدیث نمبر: 1941
-" إذا اكتحل أحدكم فليكتحل وترا وإذا استجمر فليستجمر وترا".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی آدمی سرمہ ڈالے تو طاق (سلائیوں) سے سرمہ ڈالے اور جب کوئی آدمی پتھروں سے استنجا کرے تو وہ بھی طاق (پتھروں) سے استنجا کرے۔“[سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1941]
حدیث نمبر: 1942
-" كان يكتحل في عينه اليمنى ثلاث مرات واليسرى مرتين".
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دائیں آنکھ میں تین دفعہ اور بائیں آنکھ میں دو دفعہ سرمہ ڈالتے تھے۔ [سلسله احاديث صحيحه/اللباس والزينة واللهو والصور/حدیث: 1942]