الحمدللہ! صحيح ابن خزيمه پیش کر دی گئی ہے۔    


سلسله احاديث صحيحه کل احادیث (4103)
حدیث نمبر سے تلاش:

سلسله احاديث صحيحه
सिलसिला अहादीस सहीहा
الاذان و الصلاة
اذان اور نماز
حدیث نمبر: 711
-" اطلبوا إجابة الدعاء عند التقاء الجيوش، وإقامة الصلاة ونزول المطر".
مکحول کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس وقت قبولیت دعا کا مطالبہ کرو جب (میدان جنگ میں اسلام اور کفر کے) لشکر آپس میں ٹکرا رہے ہوں،نماز کے لیے اقامت کہی جا رہی ہو اور بارش کا نزول ہو رہا ہو۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 711]
حدیث نمبر: 712
-" صلاة الليل مثنى مثنى، وجوف الليل الآخر أجوبه دعوة".
سیدنا عمرو بن عبسہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: رات کی نماز دو دو رکعت ہے اور رات کے آخری حصے میں دعا سب سے زیادہ قبول ہوتی ہے۔ میں نے کہا: کیا اس حصے میں دعا کرنا واجب ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں، نہیں، (میں کہہ رہا ہوں کہ) دعا سب سے زیادہ قبول ہوتی ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 712]
469. اگر دوران نماز وضو ٹوٹ جائے تو
حدیث نمبر: 713
-" إذا وجد أحدكم وهو في صلاته ريحا فلينصرف فليتوضأ".
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگرنماز میں کسی کی ہوا نکل جائے تو وہ چلا جائے اور وضو کرے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 713]
470. سجدوں کی فضیلت
حدیث نمبر: 714
-" اعلم أنك لا تسجد لله سجدة إلا رفعك الله بها درجة وحط بها عنك خطيئة".
سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: آپ مجھے ایسا حکم دیں کہ میں اسی کا ہو کر رہ جاؤں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جان لے کہ تو جب بھی اللہ تعالیٰ کے لیے سجدہ کرتا ہے، تو وہ تجھے ایک درجہ بلند کر دیتا ہے اور تیرا ایک گناہ مٹا دیتا ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 714]
471. نماز فجر کے بعد نماز چاشت پڑھ کر لوٹنے والے شخص کی فضیلت
حدیث نمبر: 715
-" ألا أخبركم بأسرع كرة وأعظم غنيمة من هذا البعث؟ رجل توضأ في بيته فأحسن وضوءه، ثم تحمل إلى المسجد فصلى فيه الغداة، ثم عقب بصلاة الضحى، فقد أسرع الكرة وأعظم الغنيمة".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایسا (جہادی) لشکر روانہ کیا، جس نے بکثرت غنیمت حاصل کی اور بہت جلد واپس لوٹا۔ ایک آدمی نے کہا: اے اللہ کے رسول! ہم نے کوئی ایسا لشکر نہیں دیکھا جو اس سے جلدی لوٹنے والا اور زیادہ غنیمت حاصل کرنے والا ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا میں تمہارے لیے (ایسے لشکر کی) نشاندہی نہ کروں جو اس سے بھی جلدی لوٹنے والا اور زیادہ غنیمت حاصل کرنے والا ہے؟ ایک آدمی جو گھر میں اچھے انداز میں وضو کرتا ہے، پھر مسجد کی طرف جاتا ہے، نماز فجر ادا کرتا ہے، پھر نماز ضحیٰ کے لیے وہیں بیٹھا رہتا ہے (یہاں تک کہ وہ نماز پڑھ لیتا ہے)، ایسا آدمی جلدی لوٹنے والا اور زیادہ غنیمت حاصل کرنے والا ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 715]
حدیث نمبر: 716
- (مَن صلى الغَدَاةَ في جماعةٍ، ثمّ قعَدَ يذكرُ اللهَ حتَّى تطلعَ الشّمسُ، ثمّ صلّي، ركعتينِ؛ كانت له كأَجرِ حَجّةٍ وعُمرةٍ، تامّةٍ تامّةٍ تامّةٍ).
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے نماز فجر باجماعت ادا کی، اس کے بعد بیٹھ کر ذکر کرتا رہا، حتی کہ سورج طلوع ہو گیا، پھر اس نے دو رکعتیں پڑھیں، تو اسے مکمل، مکمل اور مکمل حج اور عمرے کا ثواب ملے گا۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 716]
472. نماز فجر سے طلوع آفتاب تک مسجد میں بیٹھ کر ذکر کرنا
حدیث نمبر: 717
-" كان إذا صلى الفجر تربع في مجلسه حتى تطلع الشمس".
سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز فجر سے فارغ ہوتے تو اسی جائے نماز میں طلوع آفتاب تک چار زانو ہو کر بیٹھے رہتے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 717]
473. ”صلاۃ الاوابین“ ادا کرنے والے کی فضیلت
حدیث نمبر: 718
-" لا يحافظ على صلاة الضحى إلا أواب، وهي صلاة الأوابين".
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بہت توبہ کرنے والا فرد ہی چاشت کی نماز کی حفاظت کرتا ہے اور یہی صلاۃ الاوابین (بہت توبہ کرنے والوں کی نماز) ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 718]
474. ”صلاۃ الاوابین“ کا وقت
حدیث نمبر: 719
-" صلاة الأوابين حين ترمض الفصال".
قاسم شیبانی کہتے ہیں کہ سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ نے کچھ لوگوں کو چاشت کی نماز پڑھتے ہوئے دیکھ کر کہا: خبردار! یقیناً یہ لوگ جانتے ہیں کہ اس نماز کو دوسرے وقت میں (یعنی مؤخر کر کے) پڑھنا افضل ہے۔ بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اوابین (یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے والے لوگوں) کی نماز اس وقت ہے جب اونٹوں کے بچوں کے پاؤں گرمی کی شدت سے جلنے لگیں۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 719]
475. نماز چاشت کی فضیلت
حدیث نمبر: 720
-" من صلى الضحى أربعا وقبل الأولى أربعا، بني له بيت في الجنة".
سیدنا ابوموسی رضی اللہ عنہ سےروایت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا: جس نےچار رکعت نماز چاشت اور ظہر سے پہلے چار رکعتیں پڑھیں اس کے لیے جنت میں ایک گھر بنا دیا جائےگا۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 720]

Previous    21    22    23    24    25    26    27    28    29    Next