الحمدللہ! صحيح ابن خزيمه پیش کر دی گئی ہے۔    


سلسله احاديث صحيحه کل احادیث (4103)
حدیث نمبر سے تلاش:

سلسله احاديث صحيحه
सिलसिला अहादीस सहीहा
الاذان و الصلاة
اذان اور نماز
454. نماز کے آگے سے بعض چیزوں کے گزرنے سے اس کی نماز منقطع ہونا
حدیث نمبر: 691
- (تعاد الصّلاة من ممر الحمارِ، والمرأة، والكلْبِ الأسود، وقال: الكلبُ الأسودُ شيطان).
سیدنا ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (نمازی کے سامنے سے) گدھے، عورت اور کالے کتے کے گزرنے سے نماز دوبارہ پڑھی جاتی ہے۔ میں (عبداللہ بن صامت) نے کہا: زرد اور سرخ رنگ کے کتوں (کو چھوڑ کر) کالے کتے (کی تخصیص) کی کیا وجہ ہے؟ میں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی سوال کیا تھا جو آپ نے مجھ سے کیا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا تھا کہ کالا کتا شیطان ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 691]
455. نماز کے لیے مکمل لباس کا اہتمام اور وجہ
حدیث نمبر: 692
-" إذا صلى أحدكم فليلبس ثوبيه، فإن الله أحق من تزين له".
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے، وہ کہتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب کوئی آدمی نماز پڑھے تو وہ دو کپڑے پہن لیا کرے، کیونکہ اللہ تعالیٰ اس بات کا زیادہ حقدار ہے کہ اس کے لیے زیب و زینت اختیار کی جائے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 692]
456. نماز جنازہ اور میت کا تذکرۂ خیر کرنے کی فضیلت
حدیث نمبر: 693
-" إذا صلوا على جنازة وأثنوا خيرا، يقول الرب عز وجل: أجزت شهادتهم فيما يعلمون وأغفر له ما لا يعلمون".
سیدہ ربیع بنت معوذ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جب لوگ میت کی نماز جنازہ پڑھتے ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:میں نے ان نیکیوں کی بنا پر اپنے بندوں کی شہادت کو نافذ کر دیا جن کو وہ جانتے ہیں اور ان برائیوں کو معاف کر دیا جن کو وہ نہیں جانتے [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 693]
457. صاحب قرآن کا قرآن یاد رکھنے کا طریقہ
حدیث نمبر: 694
-" إذا قام صاحب القرآن فقرأه بالليل والنهار ذكره، وإن لم يقم به نسيه".
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب صاحب قرآن رات اور دن کی گھڑیوں میں قیام کر کے قرآن مجید کی تلاوت کرتا ہے تو اسے قرآن یاد رہتا ہے، وگرنہ قیام نہ کرنے کی صورت میں بھول جاتا ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 694]
458. دعائے استفتاح
حدیث نمبر: 695
-" كان إذا استفتح الصلاة قال: سبحانك اللهم وبحمدك، وتبارك اسمك، وتعالى جدك، ولا إله غيرك".
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز شروع کرتے تو پڑھتے: «سبحانك اللهم وبحمدك وتبارك اسمك، وتعالى جدك ولا إله غيرك» اے اللہ! تو پاک ہے اپنی تعریفوں کے ساتھ، تیرا نام بابرکت ہے، تیرا مرتبہ بلند ہے اور ماسوائے تیرے کوئی معبودِ برحق نہیں۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 695]
459. امام جس حالت میں ہو، تاخیر سے آنے والے بلا انتظار اس کے ساتھ مل جائیں ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کی تلاوت کرنا فرض ہے
حدیث نمبر: 696
-" إذا وجدتم الإمام ساجدا فاسجدوا أو راكعا فاركعوا أو قائما فقوموا ولا تعدوا بالسجود إذا لم تدركوا الركعة".
سیدنا ابن مغفل مزنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب امام کو سجدہ کی حالت میں پاؤ تو اس کے ساتھ سجدہ کرو، اگر رکوع کی حالت میں پاؤ تو اس کے ساتھ رکوع کرو اور اگر قیام کی حالت میں پاؤ تو اس کے ساتھ قیام شروع کر دو۔ لیکن جب تک رکوع نہ ملے اس وقت تک سجدوں کا کوئی اعتبار نہ کرو۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 696]
460. جلسے میں بیٹھنے کا طریقہ
حدیث نمبر: 697
-" من السنة في الصلاة أن تضع أليتيك على عقبيك بين السجدتين".
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: یہ سنت ہے کہ تو نماز میں دو سجدوں کے درمیان (جلسہ میں) اپنے سرینوں (چوتڑوں) کو اپنی ایڑیوں پر رکھے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 697]
461. «اقعاء» اور «تورك» کے معانی اور ان کا نماز سے تعلق
حدیث نمبر: 698
-" نهى عن الإقعاء والتورك في الصلاة".
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز میں اقعاء اور تورک سے منع فرمایا۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 698]
462. تشہد کے الفاظ اور درمیانے تشہد میں بھی دعائیں پڑھنے کی اجازت
حدیث نمبر: 699
-" إذا قعدتم في كل ركعتين، فقولوا: التحيات لله والصلوات والطيبات، السلام عليك أيها النبي ورحمة الله وبركاته السلام علينا وعلى عباد الله الصالحين، أشهد أن لا إله إلا الله وأن محمدا عبده ورسوله، ثم ليتخير من الدعاء أعجبه إليه".
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: ہم یہ نہیں جانتے تھے کہ (نماز میں جب دو) رکعتوں (کے بعد بیٹھیں تو) کیا کہا کریں، اتنا ضرور ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی تسبیح، تکبیر اور تحمید بیان کرتے رہتے تھے۔ بے شک محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خیر و بھلائی کی ابتدا و انتہا کی تعلیم دی گئی۔ چنانچہ (ایک دن) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب تم دو رکعتوں کے بعد بیٹھو تو پڑھا کرو: تمام قولی، بدنی اور مالی عبادتیں اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں، اے نبی! آپ پر سلامتی ہو اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں ہوں۔ ہم پر اور اللہ کے نیک بندوں پر بھی سلامتی ہو۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے علاوہ کوئی معبود برحق نہیں ہے اور محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اس کے بندے اور رسول ہیں۔ (یہ تشہد پڑھنے کے بعد) ایسی دعاوں کا انتخاب کرے جو اسے پسند ہوں۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 699]
463. ہر دو رکعت کے بعد تشہد پڑھنا
حدیث نمبر: 700
-" في كل ركعتين تشهد وتسليم على المرسلين وعلى من تبعهم من عباد الله الصالحين".
سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر دو رکعتوں کے بعد تشہد پڑھنا ہے اور پیغمبروں اور ان کے پیروکار بندگان خدا کے لیے سلامتی کی دعا کرنا ہے۔ [سلسله احاديث صحيحه/الاذان و الصلاة/حدیث: 700]

Previous    19    20    21    22    23    24    25    26    27    Next