ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سرکہ ایک عمدہ سالن ہے۔“ عبداللہ بن عبدالرحمان نے اپنی حدیث میں «نعم الادم» یا «الادام» کہا ہے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 150]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «سنن ترمذي: 1840، وقال: حسن صحيح غريب . صحيح مسلم: 2051، دارالسلام:5350-5351 . سنن عبدالله بن عبدالرحمٰن الدارمي: 101/2 ح 2055»
2. آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معمولی قسم کی کھجوریں بھی . . .
سماک بن حرب رحمہ اللہ فرماتے ہیں: میں نے سیدنا نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ کو یہ کہتے ہوئے سنا: کیا تم چاہت اور مرضی کے کھانے پینے میں (مگن) نہیں ہو؟ حالانکہ میں نے تمہارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس نکمی اور گھٹیا کھجوریں اتنی بھی نہ ہوتیں جن سے وہ شکم سیری کر سکیں۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 151]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «سنن ترمذي: 2372، وقال: هذا حديث حسن صحيح . صحيح مسلم 2977، دارالسلام: 7459»
سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سرکہ ایک بہترین سالن ہے۔“[شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 152]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «سنن الترمذي: 1842 . سنن ابي داود: 3820» اس روایت کی سند سفیان ثوری (مدلس) کے عن کی وجہ سے ضعیف ہے اور سنن ابن ماجہ (3317) میں ان کی متابعت قیس بن الربیع (ضعیف راوی) سے مروی ہے، لیکن اس سند میں قیس کا شاگرد جبارہ بن مغلس سخت مجروح اور ساقط العدالت ہے، لہٰذا یہ متابعت مردودہے۔ حدیث سابق (150) صحیح ہے اور اس روایت کا صحیح شاہد ہے، جس کے ساتھ یہ روایت بھی صحیح ہے۔
4. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مرغی کا گوشت کھایا
زھدم الجرمی سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ ہم سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے پاس تھے تو مرغی کا گوشت لایا گیا تو ایک آدمی کھانے والوں میں سے الگ ہو گیا، (ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے) کہا: تجھے کیا ہوا؟ کہنے لگا: میں نے اس کو ایک بدبودار چیز کھاتے ہوئے دیکھا تو میں نے قسم کھا لی کہ اسے کبھی نہ کھاؤں گا۔ تو (سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے) کہا: قریب ہو جاؤ، میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغی کا گوشت کھاتے ہوئے دیکھا ہے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 153]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «سنن ترمذي:1827، مختصرا وقال: حسن صحيح . صحيح بخاري: 5517 . صحيح مسلم: 1649 من حديث سفيان الثوري به و للحديث طرق عند البخاري (4385) وغيره»
سیدنا سفینہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں: میں نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ سرخاب کا گوشت کھایا۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 154]
تخریج الحدیث: «سنده ضعيف» : «سنن ترمذي: 1828، وقال: غريب . . . . سنن ابي داود: 3797» یہ روایت اس وجہ سے ضعیف ہے کہ اس کا راوی ابراہیم بن عمر بن سفینہ ضعیف ہے، اسے صرف ابن عدی نے ثقہ قرار دیا اور عقیلی، ابن حبان اور ذہبی یعنی جمہور نے ضعیف قرار دیا۔ (سابقہ) حدیث (153) میں یہ دلیل ہے کہ مرغی حلال ہے اور طیبات میں سے ہے۔
6. مرغی کا گوشت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے بھی تناول فرمایا
زھدم الجرمی سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ ہم سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے پاس تھے کے ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے ساتھ کھانا لایا گیا اور اس کھانے میں مرغی کا گوشت تھا۔ حاضرین میں بنو تیم اللہ کا سرخ رنگ کا ایک شخص بھی موجود تھا جو کہ آزاد شدہ غلام معلوم ہوتا تھا، وہ قریب نہ ہوا تو سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: قریب ہو جاؤ، یقیناً میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو اسے کھاتے دیکھا ہے اس نے کہا: میں نے اسے کچھ (گندی) چیز کھاتے دیکھا تو میں اس سے کراہت کرنے لگا تب میں نے قسم اٹھا لی کہ میں اسے کبھی نہ کھاؤں گا۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 155]
سیدنا ابواسید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم زیتون کھاؤ اور اس کا تیل استعمال کرو کیونکہ یہ بابرکت درخت (کا پھل) ہے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 156]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «سنن ترمذي: 1852، وقال: هذا حديث غريب . . . مسند احمد: 497/3 ح 16054 . المعجم الكبير للطبراني: 269/19 . 270 ح 597» روایت مذکورہ میں زھیر بن معاویہ نے سفیان ثوری کی متابعت کر رکھی ہے۔ [ديكهئے المعجم الكبير ح 596 ] عطاء سے مراد ابن ابی رباح نہیں بلکہ کوئی اور شخص ہیں اور حاکم و ذہبی دونوں نے اس حدیث کو صحیح کہا ہے۔ [المستدرك مع التلخيص 397/2۔ 398 ح 3504 ] لہٰذا وہ حسن الحدیث ہیں اور عبد اللہ بن عیسیٰ بھی جمہور کے نزدیک موثق ہونے کی وجہ سے صدوق حسن الحدیث ہیں۔ اس حدیث کے کئی شواہد بھی ہیں۔ مثلا دیکھئے آنے والی حدیث: 157
امیر المؤمنین سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم زیتون کا تیل (اپنے کھانے میں ملا کر) کھاؤ اور اس کی (اپنے جسم پر) مالش کرو، کیونکہ یہ بابرکت درخت (کا پھل) ہے۔ ابوعیسیٰ ترمذی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس حدیث کی سند میں راوی عبدالرزاق کو اضطراب ہوتا ہے کبھی اس کو مسند بیان کرتے ہیں اور کبھی مرسل بیان کرتے ہیں۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 157]
زید بن اسلم نے اپنے والد سے، انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اسی طرح بیان کیا ہے اور اس میں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا واسطہ ذکر نہیں کیا۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 158]
تخریج الحدیث: «سنده صحيح» : «سنن ترمذي: 1851، و ذكر كلاما . سنن ابن ماجه: 3319 . المستدرك: 122/4 وصححه الحاكم عليٰ شرط الشيخين ووافقه الذهبي و اورده الضياء المقدسي فى المختارة (175/1 ح 83،82)»
9. نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو کدو بہت پسند تھا
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کدو بہت پسند تھے آپ کی خدمت میں ایک کھانا لایا گیا یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھانے کی دعوت دی گئی تو میں اس میں سے کدو تلاش کر کے آپ کے سامنے رکھتا، کیونکہ میں بخوبی جانتا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے پسند فرماتے ہیں۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِدَامِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 159]
تخریج الحدیث: «سنده صحيح» : «مسند احمد (177/3، 273، 279 زوائد عبد الله بن احمد، 290) . سنن دارمي: 2057 . السنن الكبريٰ للنسائي: 6664»