سیدنا کعب بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (کھانا تناول فرمانے کے بعد) اپنی انگلیوں کو تین مرتبہ چاٹ لیا کرتے تھے۔ امام ابوعیسٰی ترمذی رحمہ اللہ فرماتے ہیں محمد بن بشار کے علاوہ جس نے بھی یہ روایت بیان کی اس نے یوں کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی تینوں انگلیوں کو چاٹ لیا کرتے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ أَكْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 136]
تخریج الحدیث: «سنده ضعيف» : اس روایت میں سفیان ثوری (ثقہ امام مدلس) کا عنعنعہ ہے اور بعض علماء نے یہ دعویٰ بھی کر دیا ہے کہ یہ روایت شاذ ہے۔ «وَاللهُ اَعْلَمُ»[ ديكهئيے: الضعيفه للالباني:5407 ] اس باب میں صحیح مسلم والی روایت «يلعق اصابعه الثلاث من الطعام» کھانے کے بعد اپنی تینوں انگلیاں چاٹتے تھے۔ [ ح 2032، ترقيم دارالسلام: 5296 ] صحیح اور محفوظ ہے۔ نیز دیکھئے آنے والی حدیث:140
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب کھانا تناول فرما لیتے تو اپنی تینوں انگلیوں کو چاٹتے تھے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ أَكْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 137]
تخریج الحدیث: «سنده صحيح» : «سنن ترمذي: 1803، مطولا: حسن غريب صحيح . صحيح مسلم: 2034»
سیدنا ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں تو ٹیک لگا کر کھانا نہیں کھاتا۔“[شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ أَكْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 138]
سفیان نے علی بن الاقمر سے اسی طرح حدیث روایت کی ہے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ أَكْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 139]
سیدنا کعب بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی تین انگلیوں سے کھانا تناول فرماتے اور (کھانے سے فارغ ہو کر) ان کو چاٹ لیا کرتے تھے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ أَكْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 140]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «صحيح مسلم: 2032» ، نیز دیکھئے حدیث سابق: (136) اس روایت میں ابن کعب بن مالک سے مراد عبدالرحمن یا عبداللہ ہیں اور دونوں ثقہ ہیں۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں کھجوریں پیش کی گئیں میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں کھا رہے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھوک کی وجہ سے پنڈلیال کھڑی کئے ہوئے اپنے سرینوں پر بیٹھے ہوئے تھے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ أَكْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 141]