سیدنا ابوبردہ رضی اللہ عنہ اپنے والد محترم (سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ) سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے فرمایا: سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے ہمیں ایک پیوند لگی چادر اور ایک موٹا تہبند دکھایا اور فرمایا: ان دونوں میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے وفات پائی۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِزَارِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 118]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «سنن ترمذي، ح 1733، وقال:حسن صحيح . صحيح بخاري، ح 5818 . صحيح مسلم، ح 2080»
اشعث بن سلیم کہتے ہیں میں نے اپنی پھوپھی سے سنا وہ اپنے چچا سے بیان کرتی ہیں کہ انہوں نے فرمایا: میں ایک دفعہ مدینہ منورہ میں چل رہا تھا کہ ایک شخص میرے پیچھے یہ کہہ رہا تھا: ”اپنی تہبند اوپر کرو، کیونکہ یہ چیز (میل کچیل سے) بچانے والی ہے اور (کپڑے کو دیر تک) باقی رکھنے والی ہے۔“ میں نے کہنے والے کی طرف متوجہ ہو کر دیکھا تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! یہ معمولی سی دھاری دار چادر ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا میرا عمل تیرے لیے نمونہ نہیں ہے؟“ میں نے دیکھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تہبند آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پنڈلیوں کے نصف تک تھی۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِزَارِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 119]
تخریج الحدیث: «سنده ضعيف» : «مسند احمد (364/5) . السنن الكبريٰ للنسائي (9682.9683) . مسند ابي داود الطيالسي (1195، دوسرا نسخه: 1286)» اس راویت کی راویہ رہم بنت اسود مجہولۃ الحال ہے۔ حافظ ابن حجر نے کہا: «لا تعرف» (تقریب التہذیب: 8593) مسند حمیدی (810) اور مسند احمد (390/4) وغیرہما کی حدیث اس سے بےنیاز کر دیتی ہے۔ «والحمدلله»
سیدنا سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ اپنی نصف پنڈلی تک ازار رکھتے تھے اور فرماتے تھے کہ یہی ہیئت میرے صاحب یعنی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ازار کی تھی۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِزَارِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 120]
تخریج الحدیث: «سنده ضعيف» : اس روایت کی سند میں موسیٰ بن عبیدہ ضعیف راوی ہے۔ دیکھئیے: [تقريب التهذب: 6989]
4. معلم اخلاق صلی اللہ علیہ وسلم نے لنگی باندھنے کی جگہ خود بتائی
سیدنا حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میری یا اپنی پنڈلی کے پٹھے کو پکڑ کر فرمایا: ”یہ ازار اور تہبند کی جگہ ہے۔ اگر تم یہ نصیحت ماننے میں کوتاہی کرو تو تھوڑا سا نیچے کر لو، اگر یہ بھی نہ مانو تو یہ بات جان لو کہ ٹخنوں میں تہبند کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ یعنی ٹخنوں کو تہبند سے ڈھانپنا درست اور جائز نہیں ہے۔“[شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي صِفَةِ إِزَارِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 121]
تخریج الحدیث: «صحيح» : «سنن ترمذي: 1783، وقال: حسن صحيح . سنن ابن ماجه: 3572 . سنن نسائي: 5331 . صحيح ابن حبان (الاحسان:5421، نسخه محققه: 5445) . مسند احمد (396/5 ح 23356) وصرح ابواسحاق السبيعي بالسماع عنده»