سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے، وہ فرماتے ہیں: یقیناً نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اثمد سرمہ لگایا کرو، وہ بینائی کو تیز کرتا ہے اور (پلکوں کے) بال اگاتا ہے۔“ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کا خیال ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک سرمہ دانی تھی، جس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہر رات تین سلائی ایک آنکھ مبارک میں اور تین سلائی دوسری آنکھ مبارک میں ڈالتے تھے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي كُحْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 50]
تخریج الحدیث: «سندہ ضعیف» : «(سنن ترمذي: 1757)، (سنن ابن ماجه: 3499)» اس روایت کی سند دو وجہ سے ضعیف ہے: ➊ عباد بن منصور جمہور محدثین کے نزدیک ضعیف راوی ہے۔ ➋ عباد بن منصور مدلس تھا۔ دیکھئیے طبقات المدلسین (121/4 طبقہ رابعہ)
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سونے سے پہلے ہر ایک آنکھ مبارک میں اثمد سرمے کی تین سلائیاں لگایا کرتے تھے۔ اور یزید بن ہارون اپنی روایت میں کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک سرمہ دانی تھی جس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نیند سے پہلے ہر آنکھ میں تین بار سرمہ لگاتے تھے۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي كُحْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 51]
تخریج الحدیث: «سنده ضعيف» : عباد بن منصور ضعیف مدلس راوی ہے۔ دیکھئیے: حدیث سابق: 50
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سوتے وقت تم پر اثمد سرمہ لازم ہے کیونکہ یہ نظر روشن کرتا ہے اور (پلکوں کے) بال اگاتا ہے۔“[شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي كُحْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 52]
تخریج الحدیث: «سنده ضعيف» : اس کی سند میں محمد بن اسحاق بن یسار راوی صدوق حسن الحدیث موثق عندالجمہور اور مدلس تھے، یہ روایت عن سے ہے، لہٰذا ضعیف ہے۔ سنن ابن ماجہ (3496) میں اس کا ایک ضعیف شاہد بھی ہے۔ (انوار الصحيفه ص 503)
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے، وہ فرماتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”تمہارے تمام سرموں سے بہترین سرمہ اثمد ہے، یہ نظر کو روشن کرتا ہے اور (پلکوں کے) بال اگاتا ہے۔“[شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي كُحْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 53]
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے، وہ فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:”تم اثمد سرمہ کو لازم پکڑو کیونکہ وہ نظر کو تیز کرتا ہے اور (پلکوں کے) بال اگاتا ہے۔“[شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي كُحْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 54]
تخریج الحدیث: «سنده حسن» : «سنن ابن ماجه [ 3495 ] » نیز دیکھئیے حدیث سابق: 53
ام المؤمنین سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ فرماتی ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سب کپڑوں سے زیادہ قمیص پسند تھی۔ [شمائل ترمذي/بَابُ مَا جَاءَ فِي كُحْلِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 55]
تخریج الحدیث: «حسن» : «(سنن ترمذي: 1762، وقال:حسن غريب)، (سنن ابي داود: 4025)» فائدہ: عبداللہ بن بریدہ نے یہ حدیث سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے نہیں سنی، بلکہ اپنی والدہ (سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ کی بیوی) سے سنی ہے۔ دیکھئیے حدیث 57 محمد بن حمید الرازی کی متابعت کے لیے دیکھئیے حدیث 56