شعبی رحمتہ اللہ کہتے ہیں کہ ایک آدمی نے سیدنا ابن عمرو رضی اللہ عنہ سے کہا: مجھے کوئی ایسی چیز بتائیے جو آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہو، تو انہوں نے کہا: میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا: ”مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے مسلمان محفوظ رہیں اور مہاجر وہ ہے جو ان چیزوں کو چھوڑ دے جن سے اللہ نے منع فرمایا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 181]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، و أخرجه البخاري 10، ومسلم 40،- و اأبو داود: 2481»
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مومن وہ ہے جس سے لوگ امن میں رہیں اور مسلمان وہ ہے جس کی زبان سے مسلمان محفوظ رہیں اور مہاجر وہ ہے جو برائی کو چھوڑ دے اور اس ذات کی قسم! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، وہ بندہ جنت میں داخل نہیں ہوسکتا جس کی ایذا رسانیوں سے اس کا ہمسایہ محفوظ نہ ہو۔“[مسند الشهاب/حدیث: 182]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه أحمد 3/ 154، وابويعلي: 4187، و ابن حبان: 510»
سیدنا فضالہ بن عبید رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجتہ الودائی میں فرمایا اور (پھر) انہوں نے آپ کے خطبہ کا ذکر کیا اور اس میں یہ بھی تھا: ”مجاہد وہ ہے جو اللہ عزوجل کی اطاعت میں اپنے نفس سے جہاد کرے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 183]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه ابن ماجه: 3934، وأحمد: 6/ 21، والمعجم الكبير: 796،جز 18 وابن حبان: 4842»
سیدنا فضالہ بن عبید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے سنا: مجاہد وہ ہے جو اللہ تعالیٰ (کی اطاعت) میں اپنے نفس سے جہاد کرے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 184]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه ابن ماجه: 3934، وأحمد: 6/ 21، والمعجم الكبير: 796،جز 18 وابن حبان: 4842»
125. عقل مند وہ ہے جو اپنے نفس کا محاسبہ کرے اور موت کے بعد (والی زندگی) کے لیے تیاری کرے اور بے وقوف وہ ہے جو خود کو خواہشات کے پیچھے لگا لے اور (پھر بھی) اللہ تعالیٰ سے امید رکھے۔
سیدنا شداد بن اوس رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے 3روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”عقل مند وہ ہے جو اپنے نفس کا محاسبہ کرے اور موت کے بعد (والی زندگی) کے لیے تیاری کرے اور بے وقوف وہ ہے جو خود کو خواہشات کے پیچھے لگا لے اور (پھر بھی) اللہ تعالیٰ سے امید رکھے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 185]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه ترمذي: 2459، وابن ماجه: 4260، وأحمد: 4/ 124» ابوبکر بن ابی مریم ضعیف ہے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”انسان اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے، لہٰذا تم میں سے ہر ایک یہ ضرور دیکھ لے کہ وہ کس سے دوستی کر رہا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 187]
سیدنا عبد الله رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(قیامت کے دن) انسان اپنے محبوب کے ساتھ ہوگا۔“ اسے مسلم بن حجاج نے عثمان بن ابی شیبہ اور اسحاق بن ابراہیم سے روایت کیا ہے، اسحاق نے کہا: اخبرنا اور عثمان نے کہا: حدثنا جریر۔ (آگے جریر نے) اعمش سے ان کی سند کے ساتھ اسی کی مثل روایت کیا ہے۔ [مسند الشهاب/حدیث: 189]
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”انسان کی عزت اس کا دین ہے، اس کی مروت اس کی عقل ہے، اور اس کا حسب و نسب اس کا اخلاق ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 190]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه أحمد -365/2، وابن حبان: 483، وحاكم: 1/ 123» مسلم بن خالد جمہور کے نزدیک ضعیف ہے