سیدنا فضالہ بن عبید رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجتہ الوداع کے موقع پر فرمایا۔ اور انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خطبہ کا ذکر کیا اور اس میں یہ بھی تھا: ”مؤمن وہ ہے جس سے لوگ اپنے مالوں اور جانوں کے بارے میں بے خوف ہوں اور مہاجر وہ ہے جو خطاؤں اور گناہوں کو چھوڑ دے اور مجاہد وہ ہے جو اللہ عزوجل کی اطاعت میں اپنے نفس سے جہاد کرے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 131]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه ابن ماجه: 3934، وأحمد: 6/ 21، والمعجم الكبير: 796،جز 18 وابن حبان: 4842»
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مؤمن وہ ہے جس سے لوگ اپنے خون اور مالوں کے بارے میں بے خوف ہوں۔“[مسند الشهاب/حدیث: 132]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه ترمذي 2627،- والنسائي: 4998، و أحمد: 2/ 379» ابن عجلان مدلس کا عنعنہ ہے۔
سیدنا ابوہریر ہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مومن بھولا بھالا اور شریف ہوتا ہے اور فاجر فریبی اور کمینہ ہوتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 133]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه أبو داود: 4790، -و ترمذي: 1964،» یحیی بن ابی کثیر مدلس کا عنعنہ ہے۔
سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مومن مومن کے لیے عمارت کی مانند ہے جس کا ایک حصہ دوسرے حصے کو مضبوط کرتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 134]
ابواسامہ سے یہ حدیث ان کی سند کے ساتھ ایک دوسرے طریق سے بھی اسی طرح مروی ہے اور اس میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (سمجھانے کے لیے) اپنے ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کر دکھا ئیں۔ [مسند الشهاب/حدیث: 135]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه البخاري 2446، و مسلم 6586، و الترمذي: 1928»
سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مومن کا اہل ایمان سے وہی تعلق ہے جو سر کا جسم سے ہے، مومن اہل ایمان کی تکلیف سے اسی طرح تڑپ اٹھتا ہے جس طرح جسم کی تکلیف سے سر تڑپتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 136]
سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”مومن قیامت کے دن اپنے صدقے کے سائے میں ہوگا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 137]
سیدنا جابر اور ابن عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مومن ایک آنت میں کھاتا ہے اور کافر سات آنتوں میں کھاتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 138]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه البخاري 5393، و مسلم: 2061، و ابن ماجه: 3257، وترمذي: 1818،»
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مؤمن نرم مزاج اور باوقار ہوتے ہیں جیسے (نکیل دار) اونٹ کہ اگر اسے چلایا جائے تو چل پڑتا ہے اور اگر بٹھایا جائے تو بیٹھ جاتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 139]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه الضعفاء للعقيلي: 2/ 677، وشعب الايمان: 7778» عبد اللہ بن عبد العزیز بن ابی روا د سخت ضعیف ہے۔