سیدنا معاویہ بن حیدہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نیکی کے کام برائی میں گرنے سے بچاتے ہیں اور پوشیدہ صدقہ رب تعالیٰ ٰ کا غصہ بجھاتا ہے اور بے شک صلہ رحمی عمر دراز کرتی ہے اور فقر وفاقہ مٹاتی ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 102]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه المعجم الاوسط: 943» صدقه بن عبد اللہ ضعیف اور اصبغ نامعلوم شخص ہے۔
سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”(قیامت کے دن) آدمی اپنے صدقے کے سائے میں ہوگا یہاں تک کہ لوگوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 103]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه أحمد، وابن خزيمة: 2431، وابن حبان: 3299»
سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں ایک سفر میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھا، ایک دن ہم چل رہے تھے تو میں آپ کے قریب ہوا آپ نے فرمایا: ”کیا میں تجھے نیکی کے دروازے نہ بتاؤں؟ روزہ ڈھال ہے، صدقہ گناہ (کی آگ) کو اس طرح بجھاتا ہے جس طرح پانی آگ کو بجھاتا ہے اور آدمی کا رات کے دوران میں نماز ادا کرنا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 104]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه ترمذي: 2616،وابن ماجه: 3973، وأحمد: 5/ 231» ابووائل کا سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ سے سماع ثابت نہیں۔ دیکھیے: جامع العلوم والحكم: (29)، تحفة التحصيل، ص: (149)۔
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کعب بن عجرہ سے فرمایا: ”اے کعب! نماز وسیلہ ہے، روزہ ڈھال ہے اور صدقہ رب تعالیٰ کا غصہ ایسے بجھاتا ہے جیسے پانی آگ بجھاتا ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 105]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه المصنف لعبد الرزاق: 20719» عبدالرحمن بن سابط کا سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے سماع ثابت نہیں۔
73. الْمُعْتَدِي فِي الصَّدَقَةِ كَمَانِعِهَا
73. زکوۃ لینے میں زیادتی کرنے والا زکوۃ روکنے والے کی مانند ہے
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ بے شک رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”زکوۃ لینے میں زیادتی کرنے والا زکوۃ روکنے والے کی مانند ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 106]
تخریج الحدیث: «منكر، وأخرجه أبو داود: 1585، وترمذي: 646، وابن ماجه: 1808،» سعد بن سنان صدوق راوی ہے لیکن یزید بن ابی حبیب کی سعد سے روایت منکر ہوتی ہے۔ دیکھئے: انوار الصحیفة: (64)۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”زکوۃ لینے میں زیادتی کرنے والا زکوۃ روکنے والے کی مانند ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 107]
تخریج الحدیث: «منكر، وأخرجه أبو داود: 1585، وترمذي: 646، وابن ماجه: 1808،» سعد بن سنان صدوق راوی ہے لیکن یزید بن ابی حبیب کی سعد سے روایت منکر ہوتی ہے۔ دیکھئے: انوار الصحیفة: (64)۔
سیدنا عبد الله بن مسعود رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ”گناہ سے تو بہ کرنے والا اس عیسا ہے جس نے گناہ نہیں کیا۔“[مسند الشهاب/حدیث: 108]
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، وأخرجه ابن ماجه: 4250،» ابوعبیدہ کا سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے سماع ثابت نہیں۔ «المراسيل ص: 625»