امام مالک رحمہ اللہ کو پہنچا کہ سعید بن مسیّب نے کہا: جو شخص مر جائے اور تین بیٹے چھوڑ جائے اور آزاد کئے ہوئے غلام چھوڑ جائے، پھر ان تینوں بیٹوں میں سے دو بیٹے مر جائیں اور اولاد اپنی چھوڑ جائیں، تو ولاء کا وارث تیسرا بھائی ہو گا، جب وہ مرجائے تو اس کی اولاد اور ان دونوں بھائیوں کی اولاد ولاء کے استحقاق میں برابر ہوگی۔ [موطا امام مالك رواية يحييٰ/كِتَابُ الْعِتْقِ وَالْوَلَاءِ/حدیث: 1291]
امام مالک رحمہ اللہ نے ابن شہاب سے پوچھا سائبہ کا حکم؟ انہوں نے کہا: سائبہ جس شخص سے چاہے عقد موالات کرے، اگر مر جائے اور کسی سے موالات نہ کرے تو اس کی میراث مسلمانوں کو ملے گی، اگر وہ جنایت کریں گے تو دیت بھی وہی دیں گے۔ [موطا امام مالك رواية يحييٰ/كِتَابُ الْعِتْقِ وَالْوَلَاءِ/حدیث: 1292]
تخریج الحدیث: «مقطوع صحيح، وأخرجه عبد الرزاق فى «مصنفه» برقم: 16228، 18426، ولدارمي فى «سننه» برقم: 3117، فواد عبدالباقي نمبر: 38 - كِتَابُ الْعِتْقِ وَالْوَلَاءِ-ح: 25»
امام مالک رحمہ اللہ نے فرمایا کہ میرے نزدیک یہ ہے کہ سائبہ کسی سے عقد موالات نہ کرے، اور میراث اس کی مسلمانوں کو ملے گی اور دیت بھی وہی دیں گے۔ کہا امام مالک رحمہ اللہ نے: اگر یہودی یا نصرانی کا غلام مسلمان ہو جائے، پھر وہ اس کو آزاد کر دے تو اس کی ولاء مسلمانوں کو ملے گی، اگر بعد اس کے وہ یہودی یا نصرانی بھی مسلمان ہو جائے تو وہ ولاء اس کی طرف نہ جائے گی، البتہ اگر یہودی یا نصرانی غلام کو آزاد کر دے پھر وہ غلام مسلمان ہو جائے، بعد اس کے اس کا مالک مسلمان ہو جائے تو ولاء اسی کو ملے گی۔ اس لیے کہ آزادی کے دن بھی ولاء کا مستحق وہی تھا۔ [موطا امام مالك رواية يحييٰ/كِتَابُ الْعِتْقِ وَالْوَلَاءِ/حدیث: 1292B1]
کہا امام مالک رحمہ اللہ نے: اگر یہودی یا نصرانی کا لڑکا مسلمان ہو تو وہ اپنے باپ کے آزاد کیے ہوئے غلام کی ولاء پائے گا جب وہ غلام مسلمان ہو گیا ہو، مگر باپ اس کا مسلمان نہ ہوا ہو جس نے آزاد کیا ہے، اور اگر وہ غلام آزادی کے وقت بھی مسلمان تھا تو یہودی یا نصرانی کے مسلمان لڑکے کو ولاء نہ ہوگی بلکہ وہ مسلمانوں کا حق ہوگی۔ [موطا امام مالك رواية يحييٰ/كِتَابُ الْعِتْقِ وَالْوَلَاءِ/حدیث: 1292B2]