726- سیدنا کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم حدیبیہ میں میرے پاس سے گزرے میں اس وقت ہنڈیا کے نیچے آگ جلارہا تھا، اور میری جوئیں میرے سر سے نیچے گررہی تھیں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے کعب! کیا تمہاری جوئیں تمہیں تکلیف دے رہی ہیں؟“ میں نے عرض کی: ہاں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم اپنا سر منڈ وا دو اور ایک قربانی کرو یا تین دن روزے رکھو، یا چھ مسکینوں کو ایک ”فرق“ کھانا کھلاؤ۔ (یہ بارہ مد کے برابر ہوتا ہے)“
727- سیدنا کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ کے حوالے سے یہی روایت اسی کی مانند منقول ہے، تا ہم اس میں یہ الفاظ ہیں: میں ہنڈ یا کے نیچے آگ جلا رہا تھا، اور اس میں یہ الفاظ ہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم ایک بکری ذبح کرو۔“
728- سیدنا کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اپنی ذات پر درود بھیجنے کا طریقہ تعلیم دیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”تم لوگ یہ پڑھو۔“ ”اے اللہ تو سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر درود نازل کر! جس طرح تو نے سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی آل پر دورد نازل کیا۔ بے شک تو لائق حمد اور بزرگی کا مالک ہے۔ اے اللہ! تو سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر برکت نازل کر! جس طرح تو نے سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی آل پر برکت نازل کی۔ بے شک تو لائق حمد اور بزرگی کا مالک ہے۔“
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح وأخرجه البخاري فى «صحيحه» برقم: 3370، 4797، 6357، ومسلم فى «صحيحه» برقم: 406، وابن حبان فى «صحيحه» برقم: 912، 1957، 1964، والحاكم فى «مستدركه» برقم: 4735، والنسائي فى «المجتبیٰ» برقم: 1286، 1287، 1288، وأبو داود فى «سننه» برقم: 976، والترمذي فى «جامعه» برقم: 483، والدارمي فى «مسنده» برقم: 1381، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 904، والبيهقي فى «سننه الكبير» برقم: 2895، 2896، 2900، وأحمد فى «مسنده» ، برقم: 18391 برقم: 18392»