179- ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بيان كرتی ہیں، ایک یہودی عورت آئی اور بولی: اللہ تعالیٰ تمہیں قبر کے عذاب سے بچائے، تو میں نے کہا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمیں ہماری قبروں میں عذاب دیا جائے گا، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک کلمہ کہا: اس کا مطلب یہ تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم قبر کے عذاب سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگ رہے تھے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں، ایک مرتبہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کسی سواری پر تشریف لے گئے اسی دوران سورج گرہن ہوگیا تو میں اور کچھ دیگر خواتین حجروں میں سے نکلیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی سوار پر تیزی سے تشریف لائے اور جائے نماز پر آکر کھڑے ہوئے، اپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تکبیر کہی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طویل قیام کیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع میں گئے اور طویل رکوع کیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سر اٹھایا اور سجدے میں چلے گئے اور طویل سجدہ کیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سر مبارک اٹھایا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طویل سجدہ کیا لیکن یہ پہلے سجدے سے کچھ کم تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسری رکعت بھی اسی طرح ادا کی، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز میں چار رکوع اور چار سجدے تھے۔ ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں، اس کے بعد میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو قبر کے عذاب سے پناہ مانگتے ہوئے سنا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہیں تمہاری قبروں میں اسی طرح آزمائش میں مبتلا کیا جائے گا، جس طرح دجال کی آزمائش ہے۔“(یہاں ایک لفظ کے بارے میں راوی کو شک ہے، لفظ مسیح استعمال ہوا ہے یا دجال استعمال ہوا ہے)۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 179]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، والحديث متفق عليه، أخرجه البخاري 1044، ومسلم: 903، وابن حبان فى ”صحيحه“: 2840، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“:4841»
180- یہی روایت ایک اور سند کے ہمراہ بھی منقول ہے، جس میں یہ الفاظ ہیں، جس میں چار رکوع تھے اور چار سجدے تھے۔ سفیان نامی راوی نے اس کے علاہوہ اور کوئی بات ذکر نہیں کی۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 180]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، والحديث متفق عليه، أخرجه البخاري 1044، ومسلم: 903، وابن حبان فى ”صحيحه“: 2840، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“: 4841»
181- ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی دو رکعات (اتنی مختصر ادا کرتے تھے) میں یہ سوچتی تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں سورۂ فاتحہ پڑھی ہے؟ یعنی وہ اتنی مختصر ہوتی تھیں۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 181]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، والحديث متفق عليه، أخرجه البخاري: 1171، ومسلم: 724، وابن حبان فى ”صحيحه“: برقم: 2465، 2466، وأبو يعلى فى ”مسنده“: برقم: 4603، 4624»
182- ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: ”جب کھانا رکھ دیا جائے اور نماز کے لیے اقامت بھی کہی جاچکی ہو، تو پہلے کھانا کھالو۔“[مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 182]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، والحديث متفق عليه، أخرجه البخاري: 671، 5465، ومسلم: 558، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“: 4431، وأحمد فى ”مسنده“، برقم: 24754»
183- سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک چٹائی جسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم دن کے وقت بچھالیتے تھے اور رات کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے حجرہ بنالیتے تھے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس میں نماز ادا کیا کرتے تھے، کچھ لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء میں نماز ادا کرنے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کی۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہ بیان کرتی ہیں، جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو ان لوگوں کے بارے میں اندازہ ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ترک کردیا اور ارشاد فرمایا: ”مجھے یہ اندیشہ ہے، ان لوگوں کے بارے میں ایسا حکم نازل ہوگا، جس کی یہ طاقت نہیں رکھتے ہوں گے۔“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”تم اپنی طاقت کے مطابق عمل کا خود کو پابند کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فضل تم سے منقطع نہیں ہوتا، جب تک تم اکتاہٹ کا شکار نہیں ہوجاتے۔“ راوی بیان کرتے ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک پسندیدہ ترین عمل وہ تھا، جسے باقاعدگی سے سرانجام دیا جائے اگرچہ وہ تھوڑا ہو۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب کوئی (نفل) نماز ادا کرتے تھے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے باقاعدگی سے پڑھا کرتے تھے۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 183]
تخریج الحدیث: «إسناده حسن، والحديث متفق عليه، وأخرجه البخاري 5681، ومسلم: 782, وابن حبان فى ”صحيحه“: برقم: 353،1578،2430، 2571،2613، 2616،2634، 3516، 3637، 3648،6385، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“:4533، 4788»
184- سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں اعتکاف کرتے تھے (بعض اوقات) آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا سر مبارک میری طرف نکال دیتے تھے، تو میں اسے دھودیتی تھی، حالانکہ میں اس وقت حیض کی حالت میں ہوتی تھی۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 184]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، والحديث متفق عليه، وأخرجه البخاري رقم: 295، 2028، 2029،2046، 5925، ومسلم: 297، وابن حبان فى ”صحيحه“: 1359، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“:4632»
185- ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: ”جب کسی شخص کو نماز پڑھنے کے دوران اونگھ آجائے، تو اسے نماز ختم کرینی چاہئے، کیونکہ وہ یہ نہیں جانتا، ہوسکتا ہے، اپنی طرف سے وہ دعائے مغفرت کررہا ہو لیکن اپنے آپ کو برا بھلا کہہ رہا ہو۔“(راوی کو شک ہے شاید یہ الفاظ ہیں)”وہ اپنے لیے بددعا کررہا ہو۔“[مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 185]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأخرجه البخاري 212، ومسلم: 786، وابن حبان فى ”صحيحه“: 2583، 2584، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“:2800»
186- ہمام نامی راوی بیان کرتے ہیں: ایک شخص ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا مہمان بنا سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے اسے بلانے کے لیے پیغام بھجوایا تو لوگوں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو بتایا کہ اسے جنابت لاحق ہوگئی تھی، تو وہ اپنے کپڑے دھونے کے لیے گیا ہے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے دریافت کیا: وہ دھو کیوں رہا ہے؟ میں تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے سے منی کو کھرچ دیا کرتی تھی۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 186]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وهمام هو ابن الحارث، والحديث متفق عليه، وأخرجه البخاري 229، 230، 231، ومسلم: 288، وابن حبان فى ”صحيحه“: 1379، 2332، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“:4854»
187- سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: جب رمضان کا آخری عشرہ آجاتا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنی اہلیہ کو بیدار کرتے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم رات بھر عبادت کرتے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کمر ہمت باندھ لیتے تھے۔ (یہاں ایک راوی نے لفظ مختلف نقل کیا ہے)۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 187]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، وأبو يغفور هو عبدالرحمٰن بن عبيدالله، وأخرجه البخاري 2024، ومسلم: 1174، وأبوداود: 1376، وابن ماجه: 1768 وابن حبان فى ”صحيحه“ برقم: 2443، وأبو يعلى فى ”مسنده“: برقم: 4370»
188- سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رات کے ہر حصے میں وتر ادا کرلیا کرے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ور کا انتہائی وقت صبح صادق (سے کچھ پہلے تک) ہوتا ہے۔ [مسند الحميدي/أَحَادِيثُ عَائِشَةَ أُمِّ الْمُؤْمِنِينَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ/حدیث: 188]
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، والحديث متفق عليه، وأخرجه البخاري 996، ومسلم: 745، وابن حبان فى ”صحيحه“: 2443، وأبو يعلى الموصلي فى ”مسنده“:4370»