جریری نے سہیل سے، انہوں نے اپنے والد (ابوصالح) سے اور انھوں نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تم میں سے کوئی انگارے پر (اس طرح) بیٹھ جائے کہ وہ اس کے کپڑوں کو جلا کر اس کی جلد تک پہنچ جائے، اس کے حق میں اس سے بہتر ہے کہ وہ کسی قبر پر بیٹھے۔"
ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی انگارے پر (اس طرح) بیٹھ جائے کہ وہ اس کے کپڑوں کو جلا کر اس کی جلد تک پہنچ جائے، اس کے حق میں اس سے بہتر ہے کہ وہ کسی قبر پر بیٹھے۔“
بسر بن عبیداللہ نے حضرت و اثلہ (بن اسقع بن کعب رضی اللہ عنہ) سے اور انھوں نے حضرت ابو مرثد غنوی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قبروں پر نہ بیٹھو اور نہ ان کی طرف (رخ کرکے) نماز پڑھو۔"
حضرت ابومرثد غنوی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”قبروں پر نہ بیٹھو اور نہ ان کی طرف رخ کرکے نماز پڑھو۔“
ابو ادریس خولانی نے حضرت و اثلہ بن اسقع رضی اللہ عنہ سے اور انھوں نے اور حضرت ابو مرثد غنوی رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انھوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: "قبروں کی طرف (رخ کرکے) نماز نہ پڑھو اور نہ ان پر بیٹھو۔"
ابومرثد غنوی رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”قبروں کی طرف رخ کرکے نماز نہ پڑھو،اور نہ ہی ان پر بیٹھو۔“