سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھنے والی عورت کے لئے حلال نہیں کہ وہ تین دن یا اس سے زائد سفر اپنے محرم کے بغیر کرے یعنی اپنے والد، بیٹے، بھائی، خاوند یا کسی اور محرم رشتہ دار کے بغیر۔“ یہ روایت جناب ابومعاویہ کی ہے۔ دوسرے دو راویوں کی روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ کوئی عورت دن یا اس سے زائد سفر نہ کرے ابن ابی زائدہ کی روایت میں تین دن کا ذکر ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ: الْمَنَاسِكِ/حدیث: 2519]
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمان عورت کو تین دن کا سفر اس کے محرم کے بغیر طے کرنے سے منع فرمایا ہے۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ میں نے اس حدیث کے الفاظ کتاب الکبیر میں بیان کیے ہیں اور سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کی یہ روایت مختصر ہے، مفصل نہیں کیونکہ اس میں خاوند کا ذکر نہیں ہے جبکہ سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ کی روایت مفصل ہے جس میں محرم رشتہ داروں اور خاوند کا ذکر موجود ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ: الْمَنَاسِكِ/حدیث: 2521]