سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ ارشاد فرما رہے تھے تو سیدنا حسن اور حسین رضی اللہ عنہما آگئے اّن دونوں نے سرخ رنگ کی قمیص پہنی ہوئی تھیں۔ وہ کپڑے میں پاؤں الجھنے سے کبھی گر جاتے اور پھر اُٹھ جاتے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم منبر سے نیچے تشریف لائے اور اُنہیں اُٹھا لیا، پھر اُنہیں اپنے سامنے بیٹھا لیا اور فرمایا: ”اللہ اور اس کے رسول نے سچ فرمایا ہے، بلاشبہ تمہارے مال اور تمہاری اولاد آزئش کا باعث ہیں۔ میں نے ان دونوں کو دیکھا تو میں صبر نہ کر سکا ـ“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا خطبہ شروع کر دیا - [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1801]
سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، اس درمیان کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر خطبہ ارشاد فرما رہے تھے۔ مذکورہ بالا روایت کی طرح بیان کیا۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تو میں صبر نہ کرسکا حتّیٰ کہ میں منبر سے اُترا اور ان دونوں کو اُٹھالیا۔“ اور یہ الفاظ روایت نہیں کیے کہ پھر آپ نے دوبارہ خطبہ شروع کر دیا۔ [صحيح ابن خزيمه/حدیث: 1802]