سیدنا کعب بن مالک رضی اللہ عنہ کے بیٹے حضرت عبد الرحمان بیان کرتے ہیں کہ میں اپنے والد محترم سیدنا کعب بن مالک رضی اللہ عنہ کی بینائی ختم ہونے کے بعد اُن کا راہنما ہوتا تھا۔ اور جب میں اُنہیں لیکر جمعہ کے لئے گھر سے نکلتا اور وہ جمعہ کی اذان سُنتے تو سیدنا ابو امامہ اسعد بن زرارہ رضی اللہ عنہ کے لئے دعائے خیر کرتے، فرماتے ہیں کہ وہ ایک عرصہ تک اسی طرح جب جمعہ کے لئے اذان سُنتے تو سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ کے لئے دعا کرتے اور اُن کے لئے بخشش طلب کرتے۔ میں نے اپنے دعائے خیر کرتے۔ میں نے اپنے دل میں کہا کہ اللہ کی قسم، یہ تو میری نہایت بے بسی ہے کہ میں اُن سے یہ بھی نہ پوچھ سکوں کہ وہ جمعہ کی اذان سُن کر سیدنا ابوامامہ اسعد بن زرارہ رضی اللہ عنہ کے لئے دعائے خیر کیوں کرتے ہیں؟ بیان کرتے ہیں کہ میں پہلے کی طرح جمعہ کے روز اُنہیں لیکر گھر سے نکلا۔ جب اُنہوں نے جمعہ کی اذان سُنی تو سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ کے لئے دعا کی اور استغفار کیا۔ تو میں نے اُن سے عرض کی کہ اے ابا جان، کیا بات ہے کہ آپ جب بھی جمعہ کی اذان سُنتے ہیں تو سیدنا ابو امامہ رضی اللہ عنہ کے لئے دعا کرتے ہیں؟ اُنہوں نے فرمایا کہ اے پیارے بیٹے، (ابوامامہ) وہ سب سے پہلے شخص ہیں جنہوں نے مدینہ منوّرہ میں بیاضہ کی بستی میں جمعہ پڑھایا۔ اس مقام کونقیع الخضمات کہا جاتا ہے۔ میں نے اُن سے پوچھا کہ اُس دن تمہاری تعداد کتنی تھی؟ اُنہوں نے جواب دیا کہ چالیس مرد تھے۔ یہ جناب سلمہ بن فضل کی حدیث ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/كِتَابُ: الْجُمُعَةِ/حدیث: 1724]