حضرت عامر بن سعد اپنے والد محترم سیدنا سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم دائیں جانب سلام پھیرتے (تو اس قدر گردن موڑتے) کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے رخسار کی سفیدی نظر آنے لگتی، اور اپنی بائیں جانب بھی سلام پھیرتے حتیٰ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے رخسار کی سفیدی دکھائی دینے لگتی۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 726]
سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو دائیں اور بائیں جانب سلام پھیرتے ہوئے دیکھا، (آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے چہرے کو اس قدر موڑتے کہ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے رخسار مبارک کی سفیدی نظر آنے لگتی۔ امام زہری رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ہم نے یہ روایت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث سے نہیں سنی، تو (حدیث کے راوی) حضرت اسماعیل نے پوچھا کہ کیا آپ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام احادیث سن لی ہیں؟ اُنہوں نے فرمایا کہ نہیں۔ اُنہوں نے دریافت کیا کہ (کیا) دو تہائی سنی ہیں؟ اُنہوں نے فرمایا کہ نہیں جناب اسماعیل نے سوال کیا کہ کیا آدھی احادیث سنی ہیں؟ اُنہوں نے جواب دیا کہ نہیں۔ جناب اسماعیل نے کہا کہ یہ حدیث اُن آدھی احادیث میں سے ہے جو آپ نے نہیں سنیں۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 727]