سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے رُکوع میں تین بار «سُبْحَانَ رَبِّي الْعَظِيمِ» اور اپنے سجدے میں تین بار «سُبْحَانَ رَبِّي الْأَعْلَى » پڑھا کرتے تھے۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 668]
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی، پھر بقیہ حدیث ذکر کی اور فرمایا کہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سجدہ کیا تو اپنے سجدے میں یہ پڑھا «سُبْحَانَ رَبِّي الْأَعْلَى »”پاک ہے میرا رب بلند شان والا)۔“[صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 669]
عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب یہ آیت نازل ہوئی «سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى» [ سورة الأعلى ]”بلند شان والے اپنے رب کے نام کی تسبیح بیان کریں“ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم سے فرمایا: ”اسے اپنے سجدے میں پڑھا کرو۔“ امام صاحب کے استاد محمد بن عیسٰی کی سند سے مذکورہ بالا کی مانند ہی مروی ہے لیکن ان کی روایت میں «لنا» ”ہم سے فرمایا“ کے الفاظ نہیں ہیں۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 670]