جناب ابومعمر رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ ہم نے سیدنا خباب رضی اللہ عنہ سے دریافت کیا، کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر اور عصر کی نماز میں قراءت کرتے تھے۔ تو انہوں نے فرمایا کہ ہاں (کرتے تھے) ہم نے عرض کی تو آپ کو کیسے معلوم ہوتا (کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قراءت کی ہے) انہوں نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی کے ہلنے سے (ہمیں علم ہو جاتا تھا) اس حدیث کے راوی جناب دورقی، مخزومی اور ابوکریب نے ”آپ کی داڑھی کے ہلنے سے“ کے الفاظ روایت کیے ہیں۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 505]
امام صاحب نے اپنے دو اساتذہ کرام جناب یعقوب الدورقی اور سلم بن جنادہ کی سند سے اعمش سے مذکورہ بالا روایت کی طرح روایت بیان کی ہے اور یہ الفاظ بیان کیے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی کے ہلنے سے ہمیں معلوم ہوتا تھا۔ امام صاحب نے اپنے استاد محترم جناب بشربن خالد العسکری کی سند سے روایت بیان کی ہے، انہوں نے یہ الفاظ بیان کیے ہیں کہ ”آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھی سے۔“[صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَذَانِ وَالْإِقَامَةِ/حدیث: 506]