صحيح ابن خزيمه
جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْوُضُوءِ وَسُنَنِهِ
وضو اور اس کی سنتوں کے ابواب کا مجموعہ
118. ‏(‏ 117‏)‏ بَابُ تَخْلِيلِ اللِّحْيَةِ فِي الْوُضُوءِ عِنْدَ غَسْلِ الْوَجْهِ
118. وضو میں چہرہ دھوتے وقت داڑھی کا خلال کرنا
حدیث نمبر: 151
جناب شقیق بن سلمہ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ اُنہوں نے وضو کیا تو اپنا چہرہ تین مرتبہ دھویا، تین مرتبہ ناک میں پانی ڈالا اور تین مرتبہ کُلّی کی اور اپنے سر کا مسح کیا اور اپنے کانوں کے اندرونی اور بیرونی حصّے کا مسح کیا، اور اپنے پاؤں تین بار دھوئے، اور اپنی داڑھی کا خلال کیا، اور پاؤں کی اُنگلیوں کا خلال کیا، اور فرمایا کہ میں نے اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو وضو کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْوُضُوءِ وَسُنَنِهِ/حدیث: 151]
تخریج الحدیث: اسناده صحيح

حدیث نمبر: 152
حضرت شقیق بن سلمہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کو وضو کرتے ہوئے دیکھا تو اُنہوں نے اپنے ہاتھ تین باردھوئے، کُلّی کی،ناک میں پانی ڈالا اور اپنا چہرہ تین بار دھویا، اور اپنے کانو کے اندرونی و بیرونی حصّے کا مسح کیا، اپنے دونوں پاؤں تین تین بار دھوئے اور اُنگلیوں کا خلال کیا، اور جب اپنا چہرہ تین بار دھویا تو اپنی داڑھی کا خلال کیا، اور فرمایا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اسی طرح کرتے ہوئے دیکھا ہے جس طرح تم نے مجھے کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ عبد الرحمٰن کہتے ہیں کہ اور ان (استاد اسرائیل) نے دونوں ہاتھ کہنیوں سمیت دھونےکا ذکرکیا ہےمگرمیں نہیں جانتا کہ کیسےبیان کیا ہے۔ اما م ابوبکر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ عامر بن شقیق، ابن حمزہ اسدی نہ کہ ابن شقیق بن سلمہ ہیں، اور شقیق بن سلمہ ابووائل ہیں۔ [صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْوُضُوءِ وَسُنَنِهِ/حدیث: 152]
تخریج الحدیث: اسناده صحيح