سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بہترین خوشبو کستوری ہے۔“[مسند الشهاب/حدیث: 1326]
تخریج الحدیث: «صحيح، وأخرجه مسلم فى «صحيحه» برقم: 2252، والترمذي فى «جامعه» برقم: 991، 992، والنسائي: 1906، وابن ماجه فى «سننه» برقم: 2873، والحميدي فى «مسنده» برقم: 769، والطبراني فى «الصغير» برقم: 312، 729، وأحمد فى «مسنده» برقم: 11173»
وضاحت: تشریح: - اس حدیث مبارک سے پتا چلا کہ کستوری سب سے عمدہ خوشبو ہے۔ ایک حدیث میں ہے: ”کستوری تمہاری بہترین خوشبو ہے۔“[أبو داود: 3156، وسنده صحيح] ۔ روزے دار کے منہ سے آنے والی بو کی مثال بھی کستوری سے دی گئی ہے۔ [بخاري: 1904] اور مومن کی جب روح نکلتی ہے تو اس کی مثال بھی کستوری کے ساتھ دی گئی ہے۔ [مسلم: 2872] سیدنا انس رضی اللہ عنہ کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کے طفیل ملنے والا باغ جو سال میں دو مرتبہ پھل دیا کرتا تھا اس میں سے بھی کستوری کی خوشبو آیا کرتی تھی۔ [ترمذي: 3833، وسنده صحيح] جنتیوں کا پسینہ کستوری جیسا ہوگا۔ [بخاري: 3245، مسلم: 2834] جنت کی مٹی کستوری جیسی ہے۔ [بخاري: 349] اللہ کی راہ میں زخمی ہونے والے کے زخموں سے روز قیامت کستوری کی خوشبو آ رہی ہوگی۔ [ترمذي: 1957، وسنده صحيح]